خیبرپختونخوا کے وزیر برائے جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ ہماری ترجیح جنگلات اور ماحولیات کا تحفظ ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا سوات پریس کلب میرا دوسرا گھر ہے سوات کے صحافیوں نے ہر مشکل وقت میں سوات کے عوام کے حقوق کیلئے آواز اٹھائی ہے جس کی وجہ سے اس وقت سوات میں مثالی امن قائم ہے،ہماری حکومت کی کوشش ہوگی کہ سوات کے عوام اور صحافیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام تر حکومتی وسائل بروئے کار لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرنے اپنے دفتر پشاور میں سوات پریس کلب کے صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا،ملاقات سوات پریس کلب کے چیئرمین شیرین زادہ کے قیادت میں ہوئی، اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا ارشد خان، سینئر صحافی محبوب علی اور فضل رحیم خان بھی موجود تھے، وفد نے صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی اور سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا ارشد خان کو صحافی برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، سوات کے صحافیوں نے ہر مشکل وقت میں صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے، انہوں نے کہا کہ صحافیوں کیلئے ہمارے دفتر اور حجرے کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی کے لئے حکومتی وژن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے صحافی برادری ایک اہم اور بنیادی کردار ادا کر رہی ہے۔ صحافی برادری،غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع موصول ہونے پر میرے ساتھ بھی شئیر کرے آپ کی نشاندھی پر متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔