ہوائی اڈوں سے ملحقہ علاقوں میں منڈلاتے پرندوں اور پتنگ بازی سمیت ہائی لیزر بیم کی روک تھام اور ہوائی سفر کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنانے کیلئے برڈ ہیزرڈ کنٹرول کمیٹی کا اجلاس چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ پیر کے روز سول سیکریٹریٹ میں منعقد ہونے والے اجلاس میں ائیر وائس مارشل سجاد نوری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز سمیت ائیر فورس، پولیس، سول ایویشن و دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے کہاکہ ہوائی اڈوں کے ساتھ ملحقہ علاقوں میں اڑتے پرندے، ہوائی فائرنگ اور پتنگ بازی فضائی حادثات کا سبب بن سکتی ہیں جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچتا ہے۔ ہوائی اڈے ہمارے قومی اثاثہ ہیں اور قومی اثاثوں سمیت قیمتی انسانی جانوں کی حفاظت ہم سب کی اجتماعی قومی ذمہ داری ہے۔ ہمیں اپنے قومی اثاثوں کی حفاظت کے لئے تمام ہوائی اڈوں کے آس پاس سے پتنگ بازی کی روک تھام، کوڑا کرکٹ کا خاتمہ، لیزر بیم کے استعمال، ہوائی فائرنگ کی روک تھام اور پرندوں کی اڑان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لانا ہو گی تاکہ ہوائی جہازوں سمیت قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔ اس موقع پر ائیر وائس مارشل سجاد نوری کا کہنا تھا کہ اکثر اوقات جہازوں کی اڑان کے وقت پرندے جہازوں سے ٹکراتے ہیں جس سے جہازوں کو نقصان پہنچتا ہے جس کی روک تھام کے لئے مل کر مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اجلاس کے دوران پاکستان ائیر فورس کے حکام نے بریفننگ دیتے ہوئے پتنگ بازی، ہائی لیزر بیم، پرندوں کے ٹکرانے، اور ہوائی فائرنگ سے ہونے والے نقصان پر اعداد و شمار پیش کیے اور اس سلسلے میں سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر کئے گئے اقدامات پر کمیٹی کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کیلئے پتنگ بازی، کبوتر بازی، ہوائی فائرنگ اور لیزر بیم استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے اور ہوائی اڈوں کے اطراف میں صفائی کا خصوصی بندوبست کیا جائے۔ اس موقع پر آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس میں پشاور، مردان، نوشہرہ اور کوہاٹ میں ہائی لیزر بیم کے استعمال پر پابندی لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ عیدالاضحٰی کے موقع دیگر علاقوں کے ساتھ ساتھ ہوائی اڈوں کے اطراف میں کوڑا کرکٹ اور جانوروں کی آلائشوں کی صفائی پر بھی خصوصی توجہ دینے کے لئے ہدایات جاری کی گئیں۔