ضلع دیر سے ایک نمائندہ وفد نے جرگے کی شکل میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی ملک لیاقت علی خان سے ان کے دفتر سول سیکریٹریٹ پشاور میں ملاقات کی۔وفد میں دیر کے مشران، نوجوانوں وکلا، علماء کرام، قومی مشران، مدرسین، یونیورسٹی پروفیسرز، میڈیا پرسنز، سوشل ورکرز، شعرا، ادباء، سیاسی اور سماجی رہنما جس میں، پی ٹی ائی، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، مسلم لیگ ن، جے یو آئی، اور اے این پی کے رہنما شامل تھے۔اس ملاقات میں ضلع دیر کے مختلف مسائل اور ان کے حل کے لیے مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔وفد نے ضلع دیر میں درپیش شکایات اور تجاویز معاون خصوصی ملک لیاقت علی خان کے سامنے رکھیں۔ وفد نے بتایا کہ ضلع دیر کے عوام کو مختلف مسائل کا سامنا ہے، جن میں بنیادی سہولیات کی کمی، صحت اور تعلیم کے شعبے میں درپیش چیلنجز، اور انفراسٹرکچر کی بہتری شامل ہیں۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ ان مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔معاون خصوصی ملک لیاقت علی خان نے وفد کی شکایات اور تجاویز کو غور سے سنا اور یقین دلایا کہ ضلع دیر میں سہولیات کی باہم فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ضلع دیر کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور عوام کی ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل سے آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے جامع حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلع دیر کے مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ملاقات کے دوران وفد نے بعض منصوبوں کی تفصیلات بھی پیش کیں جنہیں معاون خصوصی نے سراہا اور کہا کہ ان منصوبوں کو بروقت اور مؤثر طریقے سے مکمل کرنے کے لیے حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اور عوام کے درمیان بہتر رابطے اور تعاون سے ہی ترقی اور خوشحالی ممکن ہے۔معاون خصوصی ملک لیاقت علی خان نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت عوام کی خدمت کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔