وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی ملک لیاقت علی خان سے علماء کرام کی ملاقات

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے علماء کرام کے ایک نمائندہ وفدنے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی ملک لیاقت علی خان سے سول سیکریٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور اپنے مسائل اورمشکلات سے معاون خصوصی کو آگاہ کیا۔ وفد نے عہدوں کی مستقلی اور تنخواہوں میں اضافے جیسے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان کی مشکلات کے حل لیے فوری اور موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ معاون خصوصی نے علماء کرام کی شکایات کو غور سے سنا اور یقین دلایا کہ حکومت کو ان کے مسائل کا احساس ہے اوران کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کے تحت تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ملک لیاقت علی خان نے مزید کہا کہ علماء کرام ہمارے معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ صوبائی حکومت علماء کرام کی خدمات کو تسلیم کرتی ہے کیوں کہ علماء کرام نے ہمیشہ معاشرے کو درست راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ہم ان کے ان اقدامات کو فراموش نہیں کر سکتے۔ملک لیاقت علی خان نے خطباء اور علماء کرام کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے ایک جامع پالیسی ترتیب دے رہی ہے، جس میں ان کے حقوق اور مراعات کو یقینی بنایا جائے گا۔ ملاقات کے اختتام پر علماء کرام نے معاون خصوصی ملک لیاقت علی خان کی جانب سے مسائل کے حل کرنے کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے جلد اقدامات اٹھائے گی۔

مزید پڑھیں