صوبائی وزیر قانون کا محکمہ پبلک ہیلتھ کو خوشحال گڑھ کے غیر فعال 3 واٹر فلٹریشن پلانٹس فوری طور پر قابل استعمال بنانے کی ہدایت

خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ اور قانون آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے اتوار کے روز کوہاٹ میں چیئرمین تحصیل گمبٹ ساجد اقبال اور پی ٹی آئی کے مقامی رہنما اشتیاق قریشی کے ہمراہ خوشحال گڑھ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وہاں کے مسائل و مشکلات سے آگاہی حاصل کی۔انہوں نے چیئر مین خوشحال گڑھ صابر عزیز اعوان کو ساتھ لیکر خوشحال گڑھ واٹر سکیم کے انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کا معائنہ کیا اور اسے قابل استعمال بنانے کیلئے فوری طور پر صفائی کروانے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں آفتاب عالم آفریدی نے محکمہ پبلک ہیلتھ کے حکام کو بھی وہاں پر غیر فعال 3 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی فوری مرمت کر کے فعال کرنے کی ہدایات دیں۔دریں اثناء وزیر قانون آفتاب عالم نے اپنا پبلک ڈے چیئرمین تحصیل گمبٹ ساجد اقبال اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ ٹی ایم اے گمبٹ میں منعقد کیا جس میں انہوں نے عوام کے مسائل سنے،زیادہ تر مسائل موقع پر حل کئے جبکہ باقی ماندہ مسائل کو حل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری کارروائی کیلئے بھیج دیا۔اس موقع پر وزیر موصوف کا کہنا تھا کہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو واضح مینڈیٹ دے کر اپنافرض ادا کر دیا ہے اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ان کے مسائل و مشکلات کیلئے دن رات ایک کر کے کام کریں لہٰذا عوام کی جانب سے پی ٹی آئی پرکئے گئے اعتماد کو ہر گز ٹھیس نہیں پہنچائیں گے اور ان سے کئے گئے وعدے پورے کریں گے اور ان کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

مزید پڑھیں