خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ اور قانون آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے کہاہے کہ کوہاٹ کے وکلاء نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کیلئے بھر پور کردار ادا کیاہے اورکسی طاقتور کالحاظ کئے بغیر ان کے خلاف موثر آواز اٹھائی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز کوہاٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب کابینہ کے تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اراکین قومی اسمبلی شہر یار آفریدی اور شاندانہ گلزار، اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی داؤد شاہ آفریدی اورشفیع جان اور بار کے صدر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ قبل ازیں وزیر قانون آفتاب عالم نیڈسٹرکٹ اٹارنی کوہاٹ کے آفس میں لاء لائبریری کا بھی افتتاح کیا جہاں انہیں ڈسٹرکٹ اٹارنی اکبر علی نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی. صوبائی وزیر نے کہا کہ جب تک ملک میں قانون کی بالادستی قائم نہ ہوگی اورطاقتوروں کو قانون کے نیچے نہیں لایا جاتا اس وقت تک کسی بھی ملک کے ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج اگرعمران خان پابند سلاسل ہیں تو اس کی وجہ یہی ہے کہ وہ ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ وزیر قانون نے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئی کابینہ وکلاء برادری کی فلاح وبہبود اورقانون کی بالادستی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور لوگوں کو جلد اور سستے انصاف کے فراہمی اورقانون کی بالادستی میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ رول آف لاء اورفوری انصاف کی فراہمی پاکستان تحریک انصاف کا منشور ہے۔ صوبائی وزیر نے مشکل وقت میں پارٹی کا بھرپور ساتھ دینے پر انصاف لائیرز فوم اورکوہاٹ بارایسو سی ایشن کوخراج تحسین پیش کیا۔ بار کی طرف سے مسائل ومطالبات کا حوالہ دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ اب بھی کوہاٹ بار کا حصہ ہیں لہٰذا بارکے جملہ مسائل کے حل کیلئے وہ ہر ممکن کوششیں کریں گے۔ انہوں نے بار کے فلاح وبہبود کیلئے 25 لاکھ جبکہ رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی نے بھی 25 لاکھ روپے اورکوہاٹ بار کے ہال کے توسیع کیلئے ایک کروڑ روپے تک دینے کا اعلان کیا۔ اسی طرح داؤد شاہ آفریدی ایم پی اے نے بار ہال کی سولرائزیشن کا اعلان کیا۔