وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے انسدادِ بدعنوانی بریگیڈیئر (ر) محمد مصدق عباسی کی زیر صدارت انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی پہلی ماہانہ کھلی کچہری

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے انسدادِ بدعنوانی بریگیڈیئر (ر) محمد مصدق عباسی کی زیر صدارت انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی پہلی ماہانہ کھلی کچہری ڈائریکٹوریٹ آف انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پشاور میں منگل کے روز منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر انٹی کرپشن رب نواز خان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی اور سائلین کی شکایات تفصیل سے سنیں۔کھلی کچہری کا انعقاد پشاور کے علاوہ ڈائریکٹوریٹ آف انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے ریجنل دفاترنوشہرہ، مردان، سوات، مالاکنڈ، آبیٹ آباد،کوہاٹ،بنوں، ڈی آئی خان اور مانسہرہ میں بھی کیا گیا اورانٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 544 سے زائد افراد نے کھلی کچہری میں شرکت کی جبکہ 52 شکایات درج کی گئیں۔ کھلی کچہری میں گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے انسداد بدعنوانی بریگیڈیئر ر مصدق عباسی نے کہاکہ سرکاری اداروں میں بدعنوانی کا خاتمہ انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کا بنیادی مینڈیٹ ہے۔ انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ شکایت کنندگان کا معاون ادارہ ہے۔کسی بھی محکمے میں اختیارات کا غلط استعمال ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جو بھی سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے یا غبن کرنے میں ملوث ہو اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ بریگیڈیئر (ر) محمد مصدق عباسی نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تشہیر کی روک تھام کیلئے متعلقہ اداروں سے ملکر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تشہیری ادارے تشہیری مہم اجازت نامے اور دیگر لوازمات کی تصدیق کے بعد کریں۔ شہری ہاؤسنگ سوسائٹیز میں پلاٹ کی خریداری سے پہلے متعلقہ اجازت ناموں ا ور دستاویزات کی تصدیق لازمی کریں تاکہ بعد میں مسائل و پریشانی کا سامنا نہ کرنے پڑے اور قیمتی سرمایہ ضائع ہونے سے بچ جائے۔ کھلی کچہری میں شہریوں نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے حوالے سے شکایات پیش کیں۔ اسی طرح مختلف سرکاری محکموں میں ٹھیکوں اور خریداری میں متعلقہ قوانین پر عمل نہ کرنے کی شکایت پر معاون حصوصی بریگیڈیئر (ر)مصدق عباسی نے ٹھیکوں اور خریداری کی تفصیل کیپرا سے حاصل کرنے کی ہدایت کی اور بے ضابطگی ثابت ہونے پر کاروائی کی ہدایت کی۔ اسی طرح محکمہ جنگلات مانسہرہ سے متعلق شہری کی شکایت پر ترجیحی بنیادوں پر کاروائی کی ہدایت کی گئی۔ کوآپریٹیو سوسائٹی تاروجبہ نوشہرہ میں بائی لاز کے عدم نافذ اوردکانوں کے غیر قانونی الاٹمنٹ کے حوالے سے شکایات پر معاون خصوصی نے شکایات کی تصدیق کی ہدایت کی۔ معاون خصوصی بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی نے درج شکایات کے حوالے سے انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ حکام کو درج شکایات کو ٹریک کرتے ہوئے ان پرپیشرفت اور کارروائی سے آگاہ رکھنے کی ہدایت کی۔ شہریوں نے معاون خصوصی بریگیڈیئر (ر)مصدق عباسی کی جانب سے کھلی کچہری کی انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد سے محکمے ا ور عوام میں فاصلے کم ہونگے۔ انٹی کرپشن کے ریجنل دفاتر میں بھی کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جہاں پر عوامی شکایات و مسائل سنے گئے۔

مزید پڑھیں