ورلڈ سپورٹس جرنلسٹس ڈے کے حوالے سے خیبر پختونخوا اسمبلی میں تقریب

> مشیر کھیل سید فخر جہان کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت

خیبر پختونخوا رائٹرز ایسوسی ایشن نے پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن اور سپورٹس جرنلسٹس کی عالمی تنظیم اے آئی پی ایس کے تعاون سے ورلڈ جرنلسٹس ڈے منایا جبکہ اس موقع پر اے آئی پی ایس کے سو سال مکمل ہونے پر سالگرہ کیک بھی کاٹا گیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان اس حوالے سے صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقدہ پر وقار تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں کرکٹر محمد رضوان، سکواش کے سابق عالمی چیمپئن شپ قمر زمان، اے آئی پی ایس ایشیا کے سیکرٹری امجد عزیز ملک، پشاور پریس کلب کے سابق صدر ایم ریاض، سپورٹس رائٹرز ایسوسی خیبر پختونخوا کے صدر عاصم شیراز، سابق اولمپئن رحیم خان، پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ، پشاور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر اصغر علی خان، سابق ایم پی اے ڈاکٹر ذاکر شاہ، کھلاڑیوں، آرگنائزرز، خصوصی کھلاڑیوں، سپورٹس جرنلسٹس اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ عالمی یوم اس عزم کے ساتھ منایا گیا کہ سوشل میڈیا کے عروج میں فیک نیوز کی روک تھام کے لئے سپورٹس جرنلسٹس کی استعداد کار بڑھائی جائے گی جس کے لئے ورکشاپس اور سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر سید فخر جہان نے عالمی یوم کے موقع پر سپورٹس جرنلسٹس اور اے آئی پی ایس کو مبارکباد دی اور کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود میں سپورٹس جرنلسٹس کا بڑا کردار ہے۔انھوں نے کہا کہ صحافی مثبت انداز میں کام کر کے صوبے اور کھلاڑیوں کو قومی اور عالمی سطح پر روشناس کرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرپراونشل گیمز اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔ ہارس شو بھی ہوگا جبکہ رائیڈنگ کلب اور کھیلوں کے میدان بنا رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کو مکمل کرلیا ہے اورقیوم سپورٹس کمپلیکس میں چھوٹے چھوٹے کام جلد مکمل کئے جائیں گے۔مشیر کھیل کا مزید کہنا تھا کہ ضم اضلاع میں چار سپورٹس کمپلیکس تکمیل کے مراحل میں ہیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ ستمبر میں ان کا افتتاح کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ سکول سطح پر کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کرایا جائے گا اورملک اور بیرون ملک کھیلنے جانے والے کھلاڑیوں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔اسی طرح کھلاڑیوں کو ماہانہ اعزازیہ دیا جائے گا اورٹیلنٹ کو سامنے لاکر نکھارا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اراکین اسمبلی اور محکموں کے افسران و دیگر شعبوں کے کرکٹ میچز کرائے جائیں گے۔ تقریب میں کرکٹر محمد رضوان، امجد عزیز ملک، رحیم خان اور عاصم شیراز نے بھی خطاب کیا۔

مزید پڑھیں