خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے لوکل کونسل بورڈ حیات آباد کے دفتر کا دورہ کیا

خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے لوکل کونسل بورڈ حیات آباد کے دفتر کا دورہ کیا جہاں پر انہیں مختلف سیکشنز کے بارے میں آگاہی دی گئی۔اچانک دورے کے دوران صوبائی وزیر نے عملے کی حاضری کا جائزہ لیا اور اسے یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔ صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ ہماری جماعت کا منشور ہے کہ ہر کام میرٹ پر ہونا چاہیے، آپ کسی سیاسی یا سرکاری دباؤ میں آئے بغیر اپنا کام سرانجام دیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور اور مردان ڈویژنز کے ٹی ایم اوز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ داؤد خان بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر ارشد ایوب نے کہا کہ اپنے پیٹرول کے اخراجات کو کم سے کم کیا جائے چھوٹی ٹی ایم اوز کا بھی 10 لاکھ روپے ماہانہ پٹرول بل آ رہا ہے جو کہ قابل قبول نہیں ہے۔ اس نظام کو ہمیں جلد از جلد ٹھیک کرنا ہوگا تاکہ عوام اس سے مستفید ہو سکیں، اگر ایسا نہ ہوا تو ہم مزید مالی خسارے میں چلے جائیں گے۔ جو ٹی ایم اوز کام کریں گی ان کے کام کو سراہا جائے گا اس لئے کسی کے کہنے پر کوئی غلط کام نہ کیا جائے اگر کوئی پوسٹنگ ٹرانسفر کی دھمکی دیتا ہے تو ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ ہمیں اپنے ٹی ایم ایز کے نظام کو خود مختار بنانا چاہیے تاکہ حکومت پر کوئی مالی بوجھ نہ پڑے۔اگلے ہفتے سے تمام سینیٹیشن گاڑیوں میں ٹریکنگ سسٹم لگا دیا جائے گا تاکہ پیٹرول کا بے دریغ اور غلط استعمال نہ ہو سکے۔

مزید پڑھیں