وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما ملک لیاقت علی خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے جان کی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔عمران خان کے ویژن کو پایہ تکمیل تک پہنچائے بغیر آرام سے نہیں بیٹھیں گے لوگوں نے جس مقصد کے لیے ووٹ دیا ہے اس مقصد کے حصول کے لیے شبانہ روز تگ ودو کرتا رہونگا۔ پارٹی ورکرز اور ووٹرز کی عزت اپنی عزت کی طرح عزیز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف وفود اور پارٹی کے تنظیمی عہدیداروں سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر دیر سے صوبائی اسمبلی کے منتخب نمائندگان ہمایوں خان، عبید الرحمن، شفیع اللہ اور اعظم خان بھی موجود تھے۔ پاکستان تحریک انصاف کے تحصیل ممبران اور ویلج کونسل کے چیئرمین نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔معاون خصوصی نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان قوم کو غلامی سے آزادی اور ہماری آنے والی نسلوں کے بہترین اور آزاد زندگی دلانیکے لیے بے گناہ جیل کاٹ رہے ہیں عمران خان کی رہائی کے لیے اگر جان کی قربانی بھی دینا پڑی تو جان بھی دے دینگے کیونکہ یہ عمران خان کی ذات کا مسئلہ نہیں بلکہ ہماری نسلوں کے بہتر مستقبل کا بھی سوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو خوشحال، مستحکم اور پر امن بنانے کے عمران خان کی ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اپنی استطاعت سے زیادہ کام اور بھر پور تگ ودو کے لیے سب نے بھرپور ساتھ دینا ہو گا اپنے اس مقصد کے حصول کے لیے کسی کے ساتھ بھی کمپرومائز نہیں کرنے دیا جائے گا۔ ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور ووٹرز کی عزت مجھے اپنے عزت کی طرح عزیز ہے جہاں پر ووٹرز اور کارکن کی عزت نہیں ہوتی وہ پارٹی کبھی ترقی نہیں کر سکتی۔ انہوں نے سختی سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کی نشاندھی اور ان کے حل، عوامی فلاح و بہبود کے کام اور لوگوں کی خوشحالی کے لیے پارٹی تنظیم بھر پور طریقے سے اپنا کردار ادا کرے اور بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاجوں کی بھرپور تیاری شروع کی جائے۔