صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی سے انصاف ٹیچرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے وفد کی ملاقات۔ وفد نے صدر بخت افسر اور جنرل سیکرٹری سفارش خان کی سربراہی میں ملاقات کرتے ہوئے اپنے مطالبات پیش کئے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے جائز تمام مطالبات حل کئے جائیں گے۔ اور مختلف مسائل کے حل کے لئے کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ جن کی سفارشات کی روشنی میں اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے اور ملک کی ترقی میں اساتذہ کرام کا کلیدی کردار ہے اور ہم ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے اساتذہ کے مسائل حل کرنے کے لیے سابقہ دور حکومت میں بھی ریکارڈ اقدامات کئے ہیں اور موجودہ حکومت بھی اپ لوگوں کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ ایس ایس ٹی اساتذہ کی اپگریڈیشن کا دیرینہ مسئلہ جلد حل کیا جائے گا اور کابینہ سے باقاعدہ منظوری لی جائے گی۔ جبکہ محکمہ خزانہ اور تشکیل شدہ کمیٹیوں کے سفارشات کی روشنی میں اساتذہ کی اپگریڈیشن اور سی پی فنڈ کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام قانون سازی اور سفارشات مرتب کرنے میں اساتذہ یونین کے نمائندوں سے مشاورت کی جائے گی۔ فیصل خان ترکئی نے اساتذہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ اپنی تمام تر توجہ طلباء اور طالبات پر دیں۔ صوبائی حکومت آپ لوگوں کے تمام جائز مطالبات قانون کے مطابق حل کرے گی۔ وفد میں محتلف ریجنزکے صدور نظام الدین، طارق احمد، منصف شاہ، طاہر الطاف سرحدی، ظفر اللہ اور پشاور ریجن کے جنرل سیکرٹری محمد جان بشمول دیگر ممبران نے شرکت کی۔