مشیر سیاحت زاہد چن زیب کا وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی ہدایت پر ضلع مانسہرہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

وزیراعلی کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی ہدایت پر ضلع مانسہرہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور شاہراہوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ، کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو و سیکورٹی اداروں کے اعلیٰ حکام بھی انکے ہمراہ تھے۔ مشیر سیاحت نے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ مہانڈری میں سیلاب سے بہہ جانے والے پل اور بازار کا معائنہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی۔ انہوں نے سیلاب سے جانی و مالی نقصانات پر متاثرہ خاندانوں سے اظہار افسوس و تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلی علی امین گنڈا پور کی ہدایت پر ناران کے دورہ پر آئے ہیں جنہوں نے ناران میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر انتہائی غمزدہ ہیں اور جانی و مالی نقصانات کے علاؤہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مختلف علاقوں میں پھنسے سیاحوں کے بارے میں بھی پریشانی کا اظہار کیا ہے۔ اس موقع پر مشیر سیاحت نے حکام کو سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مختلف علاقوں میں پھنسے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو ریسکیو کرنے کیلئے الک ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سیاحوں اور مسافروں کے قیام کیلئے ریسٹ ہاؤس اور سرکاری عمارات بھی کھولنے کی ہدایت کی۔ زاہد چن زیب نے کہا کہ قدرتی آفات کا خندہ پیشانی سے سامنا کرنا زندہ قوموں کا شیوہ ہے۔ انہوں نے ناران کی ہوٹل اور تاجر برادری کی جانب سے سیاحوں کو مفت قیام اور کھانے پینے کے اخراجات میں پچاس فیصد رعایت کے اعلان کو بھی سراہا اور ہوٹل مالکان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑے گی اور ریسکیو آپریشن جاری رکھنے کے علاؤہ بحالی کا کام بھی شروع کرے گی۔ انہوں نے ناران اور بٹہ کنڈی میں موجود ٹورازم اتھارٹی کے ریسٹ ہاؤسز سیاحوں کیلئے مفت کھولنے کا اعلان کیا اور یقین دلایا کہ ہم سیاحوں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی حفاظت کیلئے ٹورازم پولیس اور ٹورازم اتھارٹی کا عملہ ہمہ وقت موجود اور دستیاب ہے۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل تاشفین حیدر نے واضح کیا کہ ناران میں پھنسے سیاح ان نمبرز: 03469343426 اور03409368792 پر مفت رہائش کیلئے رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاح کسی بھی مدد کیلئے محکمہ سیاحت کی ہیلپ لائن 1422 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں جہاں متاثرین کو ہر ممکن ریسکیو اور ریلیف کی سہولیات مہیا کی جائینگی۔

مزید پڑھیں