خیبر پختونخواکے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کے اساتذہ کے مطالبات اور ان کے مسائل کے حل کیلئے قائم کی گئی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم فیض عالم، ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد اقبال اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کو اساتذہ کی مختلف یونینز کی طرف سے پیش کئے گئے مطالبات اور ان کے مسائل پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا کہ حکومت اساتذہ کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے اور مختلف مسائل کے حل کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا اجلاس بھی اسی سلسلے میں منعقد کیا گیا ہے تاکہ کمیٹیوں کے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ لے سکیں۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ ایک ہفتے کے اندر اساتذہ کے سی پی فنڈ مسائل کے حل کے لیے سیکرٹری لیول اجلاس بلائی جائے جس میں سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری قانون، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور سیکرٹری تعلیم موجود ہوں گے جبکہ وزیر تعلیم خود اس اجلاس کی صدارت کریں گے۔ وزیر تعلیم نے حکام کو ہدایت جاری کی کہ اجلاس کے موقع پر تمام تیاری مکمل کی جائے اور ایک جامع اور قابل عمل رپورٹ مرتب کی جائے جس کی روشنی میں حکومت مطلوبہ فورم سے باضابطہ اور قانون کے مطابق منظوری کے لیے رپورٹ گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی معاشی حالت ٹھیک نہیں ہے تاہم حکومت پھر بھی اساتذہ کے جائز مطالبات کے حل کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ اساتزہ کے مسائل حل ہو سکیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم نے سابقہ ادوار میں بھی اساتذہ کے لیے اسانیاں پیدا کی ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے ہیں اور ہماری اب بھی کوشش ہوگی کہ اساتذہ کے مسائل حل کریں تاکہ وہ تمام تر توجہ طلبہ و طالبات پر دیں۔