مشیر خزانہ و بین الصوبائی رابطہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ہمراہ پرچم کشائی تقریب سول سیکریٹریٹ میں شرکت کی جس میں صوبائی کابینہ ممبران، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا سمیت متعدد حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے اس خصوصی دن پر ہم عزم کرتے ہیں کہ خیبرپختونخوا کو معاشی خود مختار صوبہ بنائیں گے اور عوام کی امانت کا استعمال بہترین طریقے سے عوامی مفاد کیلئے کریں گے اور عوام کی امانت کو عوام تک اچھے طریقے سے پہنچائیں گے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ صحت، تعلیم، ماحولیات اور امن و امان کی بہتر صورتحال کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائیں گے اور اس حوالے سے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ یوم آزادی کے دن پر عزم کرتے ہیں کہ محدود وسائل میں رہتے ہوئے سرکاری ملازمین کا خصوصی خیال رکھا جائے گا اور وفاق کے ساتھ ہمارے جتنے بھی مالی و دوسرے معاملات چل رہے ہیں ان پر پیش رفت کیلئے پہلے ہی سے کام کر رہے ہیں ان پر پیش رفت کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ صوبہ ترقی کی راہ ہر گامزن ہو۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ یوم آزادی ہمیں اپنے آباؤاجداد اور اسلاف کی قربانی کی یاد دلاتا ہے اسلئے ہمیں بھی چاہیے کہ ہم محنت کریں تاکہ ہمارا ملک پاکستان اور صوبہ معاشی لحاظ سے بھی مضبوط ہو سکے۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس پاک سر زمین کو تاقیامت توانا اور سلامت رکھے۔