صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے نئے تعمیر شدہ گورنمنٹ گرلز ماڈل پرائمری سکول کاریڑہ، جامبل، تحصیل بابوزئی سوات کا افتتاح کر دیا

> صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کی جانب سے دورہ سوات کے دوران متعدد سرکاری سکولوں کا سرپرائز وزٹ بھی کیا گیا

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ صوبے میں تعلیم کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے, انہوں نے کہا کہ صوبے میں نامساعد حالات کے باوجود محکمہ تعلیم پر اربوں روپے کے فنڈ خرچ کرنا صوبائی حکومت کی تعلیم دوست پالیسی کا ثبوت ہے طلبہ میں محنت کو پروان چڑھانے اور تعلیمی رجحان پیدا کرنے کے لیئے مختلف سکالرشپ پروگرام لائے ہیں طلبہ کو سکولوں میں بہترین اور سازگار ماحول فراہم کرنے میں کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے، ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر فیصل خان ترکئی نے کاریڑہ جامبل سوات میں نئے تعمیر شدہ گورنمنٹ گرلز ماڈل پرائمری سکول کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب کے مہمان خصوصی فیصل خان ترکئی تھے، اس موقع پر چیئرمین ڈیڈیک سوات اختر خان ایڈوکیٹ، مئیر تحصیل بابوزئی شاہد علی خان،سپیشل سیکرٹری ڈیویلپمنٹ اسفندیار خٹک، چیف پلاننگ آفیسر امداد اللہ خان سمیت محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام اور معززین علاقہ نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی، صوبائی وزیر تعلیم نے صوبے میں رواں سال سرکاری سکولوں میں داخلے مہم کے تحت متعدد طلبہ کو سکول میں داخل کرا کر باقاعدہ رجسٹریشن کا آغاز کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کا کہنا تھا کہ اس سال سرکاری سکولوں میں داخلے مہم کے تحت پہلے مرحلے میں 11 لاکھ 90 ہزار بچوں کو سکولوں میں داخل کیا گیا ہے جبکہ یکم ستمبر سے داخلہ مہم کے تحت دوسرا مرحلہ بھی شروع کیا جا رہا ہے جس میں مزید 3 لاکھ طلبہ کو سرکاری سکولوں میں داخل کرانے کا حدف رکھا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے خوشی کا مقام ہے کہ جس کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی کا وہ عزم لے کر آئے تھے وہ آج پورا ہو رہا ہے،صوبہ بھر میں طلبہ و طالبات کے لیے تعلیم کے حصول کو آسان بنایا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور کی سربراہی میں محکمہ تعلیم دن دگنی اور رات چگنی ترقی کر رہا ہے، طلبہ و طالبات کو بہترین سہولیات دینا اور تعلیمی معیار کو بلند کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداران کے ساتھ سرحد رولر سپورٹ پروگرام اور سیو دا چلڈرن انٹرنیشنل کی ٹیم بھی موقع پر موجود تھی،صوبائی وزیر تعلیم کی جانب سے دونوں ڈیویلپمنٹل پارٹنرز کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس سکول کی تعمیر میں محکمہ تعلیم کے ساتھ تعاون کیا، بعدازاں صوبائی وزیر نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈا کے تحت صوبے میں گرین گروتھ سٹریٹجی بلین ٹری پلس پلانٹیشن مہم کے تحت سکول میں پودا بھی لگایا اور تعمیر شدہ سکول کا تفصیلی معائنہ کیا اور سکول کے بچوں میں مفت کتابیں اوربیگز بھی تقسیم کئے۔

مزید پڑھیں