خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ گرلز کیڈٹ کالج مردان کو جلد از جلد نئی تعمیر شدہ بلڈنگ میں منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے حکام کو ہدایت جاری کی کہ تعمیراتی کام میں تیزی لائی جائے اور فنڈ کے اجراء میں کوئی تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ گرلز کیڈٹ کالج مردان ہمارا فلیگ شپ منصوبہ ہے اور صوبے بھر کی خواتین کو یہاں اعلیٰ تعلیمی سہولیات اور بہترین تربیت کے مواقع میسر ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرلز کیڈٹ کالج مردان کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ایجوکیشن مسعود احمد اور بورڈ کے دیگر ممبران نے بھی شرکت کی۔ فیصل خان ترکئی نے کہا کہ خواتین کی تعلیم موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وہ گرلز کیڈٹ کالج مردان کے تمام معاملات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی بلڈنگ کی تکمیل بشمول کالج کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں زیر تعلیم کیڈٹس کی ہم نصابی سرگرمیوں اور تربیت کے لیے جلد از جلد دیگر خواتین ٹرینرز اور استانیاں بھی بھرتی کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کالج داخلہ بشمول تمام نظام میرٹ اور شفافیت پر مبنی ہے اور خالصتاً میرٹ پر بچیوں کو داخلہ دیا جاتا ہے۔