> ضم شدہ قبائلی اور صوبے کے دوردراز پسماندہ اضلاع میں تعلیم اور صحت کی سہولیات دینا صوبائی حکومت کی ترجیح ہے،مینا خان آفریدی
صوبائی وزیربرائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے کہاہے کہ ضم شدہ قبائلی اور صوبے کے دوردراز پسماندہ اضلاع میں خیبرمیڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو) کے زیر انتظام الائیڈ ہیلتھ انسٹی ٹیوٹس کے قیام کا مقصد ان اضلاع میں عوام کوتعلیم اور صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرناہے،تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی موجو دہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں متعدد اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جن میں ایک اہم قدم ہیلتھ انسٹی ٹیوٹس کاقیام ہے۔انہوں نے ان خیالات کااظہار اس ضمن میں ہونے والے متعدد اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیاہے جب کہ اس حوالے سے ایک اہم اجلاس گزشتہ روز منعقد ہواجس میں وائس چانسلرکے ایم یوپروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق کے علاوہ ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور کے ایم یو کے متعلقہ عملینے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیربرائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے کہاکہ اس اہم منصوبے کو عملی جامہ پہنانے سے نوجوانوں کو ان کی دہلیز پرطبی تعلیم کے بہترین مواقع فراہم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان،کرک اورچترال کے علاوہ ضم شدہ تمام قبائلی اضلاع میں معیاری ہیلتھ انسٹی ٹیوٹس کاقیام ہمارا مشن ہے اور اس سلسلے میں کے ایم یو کوتمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ مجوزہ اداروں کے قیام کے لیئے کے ایم یو کی ٹیم، صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن کی ہدایت پرڈی آئی خان،کرک، باجو ڑ اورمہمند اضلاع کا دورہ کرچکی ہے جب کہ ان انسٹی ٹیوٹس کو جدید صحت کی دیکھ بھال کی تعلیم، طبی خدمات اور تربیت کے مراکز کے طور پر کام کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جس سے صحت کی دیکھ بھال کے پیشہ ور افراد کی فوری ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ اسی طرح ان ہیلتھ انسٹی ٹیوٹس کے قیام سے ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، گیسٹرو اینٹرالوجی، فزیوتھراپی، نیوٹریشن،ریڈیالوجی اور لیبارٹری کی خدمات پر توجہ مرکوز کرنے والی کلینیکل خدمات بھی فراہم کی جائیں گی جو کے ایم یو کے مرکزی ہسپتال سے منسلک ہوں گے۔ اس پراجیکٹ کو عملی جامہ پہنانے میں محکمہ ہائیر ایجوکیشن خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور کو بنیادی ڈھانچے سمیت تمام ضروری سہولت فراہم کرے گا۔ اس منصوبے کی نگرانی صوبائی وزیربرائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی ہفتہ وار بنیادوں پر کریں گے جب کہ وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کلاسز اور کلینیکل سروسز موجودہ تعلیمی سیشن سے شروع ہوں۔ صوبائی حکومت کے اس اقدام سے مقامی کمیونٹیز کو بہت زیادہ فائدہ پہنچے گا اورصوبے بھر میں صحت کی دیکھ بھال کے معیارات کو بڑھانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔