معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی کا جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کا دورہ

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواکے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے جمعرات کے روز جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کا دورہ کیا اورجاری منصوبوں کا بغور جائزہ لیا۔اس موقع پر سیکرٹری محکمہ ہاؤسنگ ڈاکٹرعنبر علی،ڈائریکٹر جنرل عمران خان وزیر اور محکمہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ معاون خصوصی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جلوزئی ہاؤسنگ سکیم صوبہ خیبر پختونخواکا ایک بڑا ہاؤسنگ منصوبہ ہے جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور انہوں نے اس منصوبے کی تکمیل میں بھرپور تعاون کا بھی یقین دلایا ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ اس اہم منصوبے میں عوام کے لیے ہر قسم کی سہولیات کا لحاظ رکھا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تعاون سے بننے والے فلیٹس کا بھی دورہ کیا جو کہ 780 سکوائر فٹ پر محیط ہے۔ معاون خصوصی نے دو بیڈ رومز اور کچن والے فلیٹس کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا جو کہ 150کنال اور 1320 اپارٹمنٹ پر مشتمل ہے جس کے سنگم پر جلوزئی سپورٹس کمپلیکس بھی واقع ہے اس میں مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لیے کورٹس بنائے گئے ہیں جن میں والی بال، فٹبال، لانگ ٹینس، بیڈمنٹن اور واکنگ ٹریکس موجود ہیں اور یہ سہولتیں جلوزئی ہاؤسنگ سکیم کے مکینوں کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں ہیں۔ اس موقع پر معاون خصوصی ڈاکٹر امجد علی نے شجر کاری میں اضافہ کرتے ہوئے پودا لگا یا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پاکستان کو ایک سرسبز و شاداب اور آلودگی سے پاک ملک بنانے کا پختہ عزم کئے ہوئے ہیں۔ اس موقع پرسیکرٹری ہاؤسنگ اور ڈائریکٹر جنرل نے جلوزئی ہاؤسنگ سکیم پر اب تک ہونے والے کام کے بارے میں معاون خصوصی کو بریفنگ دی اور آئندہ کے مراحل پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ معاون خصوصی نے متعلقہ حکام کی توجہ سیکورٹی کی طرف دلاتے ہوئے ہدایت کی کہ سکیم کے رہائشیوں کے تحفظ کے لئے بہتر سے بہتر انتظامات کئے جائیں اور اس کے لئے پولیس کو پابند بنایا جائے کہ وہ سکیم کے احاطہ میں اپنی ڈیوٹی سر انجام دینے میں کو ئی کو تاہی نہ برتے کیونکہ صوبائی حکومت عوام کے لئے امن و امان کے قیام کواپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے۔

مزید پڑھیں