وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے بدھ کے روز پشاور میں سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ،ڈائریکٹوریٹ جنرل انڈسٹریز اینڈ کامرس اور خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں محکمہ صنعت کے مذکورہ شعبوں کی ذمہ داریوں اور کارکردگی کے حوالے سے دئے گئے احکامات پر عملدرآمد اورحاصل کردہ اہداف کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ حبیب اللہ عارف،ایڈیشنل سیکرٹری صنعت ریحان گل خٹک،چیف کمرشل آفیسر کے پی ایزڈمک عادل صلاح الدین،ڈایریکٹرانڈسٹریز حسن عابد کے علاؤہ مذکورہ شعبوں کے دیگر حکام و افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ایس آئی ڈی بی کے تحت کاروبار کیلئے اخوت فاؤنڈیشن کے ذریعے 4 بلین روپے کے قرضہ سکیم کی تیاری پر کام جاری ہے جبکہ صوبے میں مختلف نئی چھوٹی صنعتی بستیوں کو بجلی کی فراہمی اور ترسیل کے معاملات کو حل کرنے پر بھی کام ہو رہا ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ انڈسٹریل پارک پشاور میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کا کام تیزی کیساتھ اگے کی جانب گامزن ہے اور اس ضمن میں منصوبے کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب عنقریب ہوگی۔اجلاس میں باجوڑ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام میں حائل مراحل کو جلد طے کرنے جبکہ انڈسٹریل پارک ڈی آئی خان کے قیام کے امور کو تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔اس طرح ایس آئی ڈی بی کے وسائل اور بستیوں کے تفصیلات اور اراضی کے کوآرڈینیٹس اور ڈیجٹائزڈ میپنگ کا بندوبست کرنے کی بھی ہیدایت کی گئی۔اجلاس میں معاون خصوصی نے کہا کہ بورڈ کے ڈیجٹائزیشن کے عمل کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔اس موقع پر نظامت اعلی صنعت وحرفت کی جانب سے مختلف کاروباری شعبوں کی رجسٹریش،محاصل اور قوانین کے تحت انڈسٹریل شعبوں کی رجسٹریشن میں اب تک حاصل کیئے گئے اہداف اور پلان کے حوالے سے فورم کو آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر ہدایت کی گئی کہ گودام رجسٹریشن کے طریقہ کار کو عوام کی آسانی کیلئے سہل بنانے کیلئے علاقائی دفاتر کو با اختیار بنایا جائے۔اس طرح کمرشل کورٹس کی کارکردگی،اپرینٹس شپ ایکٹ کے تحت حاصل کردہ اہداف اور پیشہ ورانہ امور کی کمپوٹرائزیشن کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت سے بھی فورم کو آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ غیر قانونی طور پر کام کرنے والے فلنگ اسٹیشنز کا ڈیٹا حاصل کرنے کیلئے سروے کیا جائے تاکہ ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔اجلاس میں نظامت صنعت کے عملے کی کارکردگی کی بنیاد پر جزا کیکسی معقول نظام کو اپنانے کیلئے دیگر محکموں میں اعلی کارکردگی پر دئے جانے والے ریوارڈ کی مسابقتی جائزے کی ہدایت کی گئی۔ اس طرح سوات میں پرنٹنگ پریس کی ملکیتی اراضی کو واپس حاصل کرنے کیلئے کیس پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہیدایت کی گئی۔اجلاس میں سالٹ اینڈ جپسم سٹی کرک،بونیر ماربل سٹی کے امور،رشکئی سپیشل اکنامک زون میں بجلی کی فراہمی کے معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ہدایت کی گئی کہ محکمہ صنعت ایکسلریٹڈ امپلیمنٹیشن پروگرام(AIP) کے تحت کے پی ایزڈمک کوفنڈز کی ادائیگی کیلئے کیس تیار کرے تاکہ تعمیراتی واجبات کے بقایاجات کو ادا کیا جا سکے۔اس طرح کے پی ایزڈمک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی نامزدگی کے امور کو بھی جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی گئی۔