خیبرپختونخوا کے وزیر قانون وپارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈ اپور پورے صوبے باالخصوص ضم قبائلی اضلاع اوردیگر ضم علاقوں کی تیز ترترقی کیلئے وژنری سوچ رکھتے ہیں اوروہ حقیقی معنوں میں ان کی ترقی چاہتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوانے ضم قبائلی اضلاع اوردیگر ضم علاقوں کی تیز ترترقی کیلئے ”گرینڈقبائلی جرگہ“ کے نام سے خصوصی پروگرام شروع کرکے اس پرعملی کام کا آغاز بھی کردیاہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز ڈسٹرکٹ کونسل ہال کوہاٹ میں ضم تحصیل درہ آدم خیل کے ”عوامی جرگہ“سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیاجس کا اہتمام ڈپٹی کمشنرکوہاٹ عبدالاکرم نے کیاتھا۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے جرگے کے اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ عوامی جرگہ کے انعقاد کامقصد وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکی جانب سے ضم اضلاع کی تیز ترترقی کیلئے گرینڈقبائلی جرگہ کے نام سے شروع کردہ پروگرام پر تحصیل درہ آدم خیل کے منتخب نمائندوں،قبائلی زعماء، عمائدین علاقہ اورعام لوگوں کی آرا ء اوروزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق ضم علاقوں کیلئے نئے اقدامات اورترقیاتی عمل میں مشاورت حاصل کرناہے۔جرگہ سے تحصیل ناظم شاہد بلال آفریدی،سابق ایم این اے باز گل آفریدی اوردیگرچیدہ چیدہ قبائلی زعماء نے بھی خطاب کیا اورعلاقے کی ترقی کی حوالے سے مفید اورقابل عمل تجاویز اورسفارشات پیش کیں۔ انہوں نے علاقے کو درپیش بعض بڑے مسائل کی بھی نشاندہی کی جن کا صوبائی وزیرنے ترجیحی بنیاد وں پر حل کرنے کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ آج کے جرگے کے انعقاد کا مقصد بھی علاقے کی ترقی کیلئے یہاں کے عوام کی قیمتی آراء اور تجاویز حاصل کرنا ہے اورشرکاء نے بہترین اورقیمتی تجاویز اورسفارشات دی ہیں۔وزیر قانون نے کہا کہ درہ آدم خیل کی اقتصادی ترقی اورتیکنیکی ہنر مندی کے فروغ کیلئے درہ آدم خیل میں انڈسٹریل زون کاقیام زیر غور ہے۔اسی طرح علاقے میں زراعت کے فروغ اورزیتون کے باغات لگانے کے علاوہ قدرتی پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے ڈیموں کی تعمیر پر بھی کام کررہے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں،سکولوں اورکالجوں کی اپگریڈیشن کے علاوہ درہ آدم خیل اورجواکی ایریا میں علیحدہ علیحدہ سپورٹس کمپلیکس پربھی کام جاری ہے۔آفتاب عالم نے ٹی ایم اے درہ آدم خیل کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے وزیر اعلیٰ سے بات کرنے کا بھی یقین دلایا۔