وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے انسدادِ بدعنوانی محمد مصدق عباسی نے کہا ہے کہ صوبے میں کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس ہے۔ خیبر پختونخوا پہلا صوبہ ہے جہاں ملکی سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی جماعت نے اکاؤنٹیبلٹی کمیٹی قائم کی۔ کسی دوسری سیاسی جماعت میں یہ اخلاقی جرات نہیں وہ اپنے ہی وزراء کے احتساب کے لیے ایسے اقدامات اٹھائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں منعقدہ انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی چوتھی ماہانہ کھلی کچہری کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ ناقص میٹیریل کے استعمال کی نشان دہی کی جائے تاکہ ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ سرکاری وسائل و پیسے کے ضیاع کو روکنا ضروری ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد یہ ہے کہ محکمے میں جو مسائل ہیں وہ سامنے آئے اور انکو حل کیا جائے۔ مصدق عباسی نے کہا کہ دوسرے ریجنز میں بھی کھلی کچہریوں میں خود شرکت کرونگا۔ کھلی کچہری میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے مردان ریجن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کرائم محمد طیب اور مردان ریجن کے سرکل آفیسرز نے شرکت کی اور سائلین کی شکایات تفصیل سے سنیں۔ کھلی کچہری میں عوام نے تعلیمی بورڈ، ریونیو، ٹی ایم اے سے متعلق شکایت پیش کیے۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے تمام ریجنل دفاتر میں بھی کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے اعداد و شمار کے مطابق کل 131 افراد نے شرکت کی جبکہ چھ شکایات درج کی گئی اسطرح مردان ریجن 65 افراد، بنوں ریجن 25 افراد، پشاور ریجن آفس میں چار، مالاکنڈ میں پندرہ، آبیٹ آباد میں بارہ، ڈی آئی خان میں 10 افراد نے کھلی کچہری میں شرکت کی۔معاون خصوصی برائے انسداد بدعنوانی مصدق عباسی نے شکایات تفصیل سے سنیں اور انکے حل کے حوالے سے ضروری احکامات جاری کیے۔ معاون خصوصی مصدق عباسی نے شکایات پر ہونے والی کاروائی سے آگاہ رکھنے کی ہدایت کی۔ جبکہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ حکام کو درج شکایات کو ٹریک کرتے ہوئے پیشرفت سے مسلسل آگاہ رہنے کی ہدایت بھی کی۔ مصدق عباسی کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی سہولت کیلئے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے واٹس ایپ نمبر 03319988848 جاری کردیا ہے۔ جس کے ذریعے عوام بدعوانی کی نشاندہی و شکایات واٹس ایپ پر کر سکتے ہیں۔