خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے ہدایت کی ہے کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر

خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے ہدایت کی ہے کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر عملی کام شروع کیاجائے اور کوئی زبانی جمع خرچ نہیں ہوناچاہیے۔ خالی باتوں سے کام نہیں چلے گا کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے جو کام نہیں کریگا گھر جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا اربن ایریا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی افتخار مشوانی، محمد خورشید، سیکرٹری بلدیات داؤد شاہ، مینجنگ ڈائریکٹر اربن ایریا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی رشید خان، تمام اتھارٹیوں کے پروجیکٹ ڈائریکٹرز اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ تمام اتھارٹیز کے سربراہان کو اجازت ہے کہ اگر وہ اپنے اپنے ماسٹر پلان میں کوئی بہتری لانا چاہتے ہیں تو وہ اپنے مذکورہ پلان بورڈ کے اگلے اجلاس میں پیش کرسکتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام اتھارٹیز کے سربراہان متعلقہ ممبران صوبائی اسمبلی کے ساتھ مل کر ترقیاتی منصوبوں کے دورے کریں اور کام کے معیار اور کوالٹی کو بہتر بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں۔ارشد ایوب خان نے ہدایت کی کہ جن اتھارٹیز کے پاس فنڈز موجود ہیں وہ فوراً ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کروالیں اور تمام منصوبوں میں فنڈز کی منصفانہ تقسیم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام منصوبوں کو اپنی مقررہ مدت میں مکمل کیاجائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں خود تمام اتھارٹیز کے زیر انتظام جاری منصوبوں کا دورہ کرونگا اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت برتنے والوں کو قانونی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔وزیر بلدیات نے کہا کہ فنڈز کے معاملے میں محکمہ بلدیات تمام اتھارٹیز ک کی مدد کرے گا تاکہ عملی کام شروع کروائے جاسکیں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دلوایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اربن ایریا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس ہر ماہ منعقد کروایا جائے گا تاکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل ہو سکے۔

مزید پڑھیں