تیسری خیبر میڈیکل کالج انٹرنیشنل ریسرچ کانفرنس کی شاندار تقریب کا آغاز ہوا، جس کا افتتاح ربن کاٹنے کی رسم سے کیا گیا۔ اس اہم اور متوقع ایونٹ کی تقریب میں مہمانِ خصوصی، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے صدر، پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ چیئرمین بورڈ آف گورنرز، ڈاکٹر عمر ایوب خان اور کانفرنس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے اہم اراکین نے بھی شرکت کی، جن میں پیٹرن انچیف ڈین خیبر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب، چیف آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد، اور آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرپرسن ڈاکٹر فاروق احمد اور ڈاکٹر اقبال حیدرشامل تھے۔تقریب میں پاکستان بھر سے نامور طبی ماہرین، محققین، اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جن کا مقصد طب کے میدان میں جدید تحقیقاتی رجحانات اور نئے طریقوں کو فروغ دینا تھا۔ قبل از ریسرچ کانفرنس،پچھلے دو ماہ سے خیبر پختونخواہ کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 50 سے زائد مختلف امور پر ریسرچ کے حوالے سے ورکشاپوں کا اہتمام بھی کیا گیا جس سے نا صرف ڈاکٹر بلکہ طلباء اور دیگر طبی عملہ بھی مستفید ہوئے۔ تقریب کے دوران مختلف فارماسیٹیکل کمپنیوں کی جانب سے سٹالز بھی قائم کیے گئے تھے بلکہ دوسرے شہروں سے آئے مہمانوں کے لیے پشاور شہر کی سیر اور گالا ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ یہ دو روزہ کانفرنس آج اختتام پزیر ہوگی۔تقریب سیمہمانِ خصوصی، پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے اپنے خطاب میں کہا،“صحت کے شعبے میں تحقیق ایک بنیاد ہے جس پر پوری دنیا کا طبی نظام قائم ہے۔ جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی ترقیات نے دنیا کو تیزی سے بدل دیا ہے، اور اس تبدیلی کے ساتھ قدم ملا کر چلنا ضروری ہے۔ طبی شعبے میں تحقیق کا فروغ ہماری قوم کی صحت کو بہتر بنانے کے لئے ناگزیر ہے۔ یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ طبی ادارے تحقیق پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ہم عالمی سطح پر صحت کے معیار کو بہتر بنا سکیں۔”چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر عمر ایوب خان نے کہا،“خیبر میڈیکل کالج ہمیشہ سے ہی تحقیقی میدان میں پیش پیش رہا ہے۔ اس کانفرنس کا مقصد نہ صرف طلباء اور اساتذہ کو جدید تحقیقاتی طریقوں سے آگاہ کرنا ہے بلکہ انہیں اس قابل بنانا ہے کہ وہ طب کے شعبے میں نئے افق کو چھو سکیں۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہمارے محققین جدید تحقیقات کی روشنی میں نئے علاج اور طریقہ کار تیار کریں تاکہ عوام کو بہتر اور معیاری صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔”ڈین خیبر میڈیکل کالج، پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب نے اس موقع پر کہا،“تحقیق کے بغیر صحت کے شعبے میں ترقی ممکن نہیں۔ ہمیں اپنی محنت اور جدوجہد کو تحقیق کی طرف مائل کرنا ہوگا تاکہ ہم عالمی معیار کے مطابق اپنی خدمات فراہم کر سکیں۔ کے ایم سی ہمیشہ سے تحقیق کی اہمیت کو تسلیم کرتا آیا ہے اور اس کانفرنس کا مقصد تحقیقاتی کلچر کو مزید فروغ دینا ہے۔”تقریب کے اختتام پر مقررین نے خیبر میڈیکل کالج کی تحقیقی کامیابیوں کو سراہا، اور کامیاب تقریب کے اہتمام پر تمام آرگنائزر کو خراج تحسین پیش کیا اور عزم کا اظہار کیا کہ یہ کانفرنس تحقیقاتی جدت کو فروغ دینے کے لئے ایک مضبوط پلیٹ فارم ثابت ہوگا جو نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی تحقیق کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔