وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی عبدالکریم تورڈھیر نے ڈی سی نوشہرہ کے ہمراہ ایکسپو کا افتتاح کیا

نمائش میں سائنس، آئی ٹی، اور ای کامرس سے متعلق جدید تخلیقی منصوبے پیش کئے گئے

یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نوشہرہ میں مقامی ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے SCIE-TECH 2024 ایکسپوکا انعقادکیا گیا جس میں سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ای-کامرس، اور فنی تعلیم کے شعبوں میں جدید تخلیقی منصوبوں کی نمائش کی گئی۔مذکورہ ایکسپو کا مقصد طلباء، موجدین، اور صنعت کے ماہرین کو ان کے شعبوں میں کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے حوالے سے ایک ہی جگہ پر اکھٹا کرنا تھا۔ایکسپو کا باضابطہ افتتاح وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم اور صنعت وحرفت عبدالکریم تورڈھیر اورڈپٹی کمشنر نوشہرہ عرفان اللہ محسود نے کیا جبکہ وائس چانسلر نے افتتاحی تقریب میں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مستقبل کے موجدین کی تشکیل میں تکنیکی تعلیم کے کردار پر روشنی ڈالی۔سائنس اور تیکنیکی علوم و مہارت کے امتزاج پر مبنی اس اہم ایکسپو میں طلباء نے سائنس، آئی ٹی، اور ای-کامرس میں جدید منصوبے پیش کیے اور ماہرین کے ایک پینل نے ان کا جائزہ لیا۔اسی طرح تخلیقی صلاحیتوں کے شاہکار اور اعلیٰ معیار پر پورا اترنے والے بہترین تین منصوبوں کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔ایکسپو کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے معاون خصوصی نے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا اور انکی سائنسی، تخلیقی اور تحقیقی سعی کو نکھارنے اور اجاگر کرنے کیلئے اس نمائش کو ایک اہم قدم قرار دیا۔انھوں نے کہا کہ فنی تعلیم کی اکڈیمیااور انڈسٹری کے مابین روابط انتہاء ضروری ہیں کیونکہ آج کی دنیا کی ضروریات اور انڈسٹری کی طلب کے مطابق ہی ہمیں اپنی نوجوان نسل کو تیار کرنا ہے۔انھوں نے کہا کہ تیکنیکی اداروں سے محض ڈگری ہولڈرز گریجویٹس کی فراغت ہمارا مطمع نظر نہیں بلکہ ہماری کوشش ہے کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے طلبہ محض اسناد حاصل کرنے کی بجائے انڈسٹری کے معیار کے مطابق ہنر یافتہ ماہرین بھی ہوں اور وہ پریکٹیکل تربیت بھی حاصل کریں۔

مزید پڑھیں