پشتون قومی جرگہ/ محکمہ صحت کا فری میڈیکل کیمپ، دوسرے روز 3 ہزار سے زائد شرکا کی میڈیکل چیک اپ، ڈی ایچ او خیبر موقع پر موجود، پشتون قومی جرگے کا محکمہ صحت کے اقدام کا خیرمقدم، قومی جرگے کے ختم ہونے تک فری میڈیکل کیمپ جاری رہے گا، شرکا کو کسی بھی قسم کی کوئی طبی تکلیف نہیں ہونی چاہیے: مشیر صحت احتشام علی
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر مشیر صحت احتشام علی کی سربراہی میں پشتون قومی جرگہ کے شرکاء کی صحت کے دیکھ بھال کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ قائم کردیا گیا ہے۔ اس بابت مشیر صحت احتشام علی جرگے کے پہلے روز خود پنڈال گئے تھے جہاں انہوں نے ڈی ایچ او خیبر اور محکمہ صحت کے دیگر متعلقہ اہلکاروں کو شرکا ء کی صحت کی دیکھ بھال کیلئے مفت میڈیکل کیمپ قائم کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔مشیر صحت کے احکامات کے مطابق قومی جرگے کے ختم ہونے تک فری میڈیکل کیمپ جاری رہے گا۔ قومی جرگے کے شرکاء کو کسی بھی قسم کی کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خیبر ڈاکٹر ظفر علی خان کے مطابق میڈیکل کیمپ فوری طور پر قائم کردیا گیا ہے جہاں پر مفت ادویات، چیک اپ اور ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے تمام تر سہولیات اور ایمبولینس ہمہ وقت دستیاب ہیں۔ انہوں نے مزیر بتایا کہ پشتون قومی جرگے کی انتظامیہ نے محکمہ صحت کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے شرکاء کی جانب سے محکمہ صحت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ان کے مطابق وہ طبی عملے کے ہمراہ خود بھی پنڈال میں موجود ہیں اور تمام حالات کی خود نگرانی کررہے ہیں۔ انہوں نے میڈیکل کیمپ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جرگے کے دوسرے روز 4500 سے زائد شرکاء کا مفت میڈیکل چیک اپ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنڈال کے احاطے میں انسداد ڈینگی کا سپرے بھی کیا گیا ہے جبکہ ایمرجنسی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں جمرود ٹائپ ڈی ہسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کیساتھ پہلے ہی ریفرل مکینزم قائم کردیا گیا ہے۔