وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے کہا ہے کہ معاشرے میں عدل و انصاف کی فراہمی اور آئین و قانون کی بالادستی میں وکلا برادری کا ایک اہم کردار ہے اور وکلا نے قانون کی حکمرانی اور آئین کے تحفظ کیلئے ہر وقت ایک فعال کردار ادا کیا ہے۔ان خیالات کا ظہار انھوں نے بونیر میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن بونیر کی جانب سے منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔مشیر کھیل نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور بونیر بار کے وکلا سے ملاقات کی۔اس موقع پر مشیر کھیل نے منعقدہ تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ وکلا برادری نے اس ملک میں آئین کی حکمرانی اور پاسداری کیلئے جس طرح گزشتہ ادوار میں ایک کامیاب جدو جہد کی ہے اور ملک کے آئین اور عدلیہ کے وقار اور آزادی کو برقرار رکھنے میں اپنا فعال کردار ادا کیا ہے اسی طرح اب بھی وکلا اس ملک کے آئین کے تحفظ اور عدلیہ کی آزادی کو برقرار رکھنے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں۔مشیر کھیل نے کہا کہ صوبائی حکومت وکلا برادری کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے اور حال ہی میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے صوبہ بھر کی بار ایسوسی ایشنز کیلئے گرانٹس فراہم کی ہیں۔انھوں نے بونیر کے وکلاء سے مسائل سنے اور ان کے ممکنہ حل کی یقین دہانی کرائی۔تقریب کے دوران مشیر کھیل کو ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے تحفہ بھی پیش کیا گیا۔