خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کھیل اور امور نوجوانان کا پہلا تعارفی اجلاس

خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کھیل اور امور نوجوانان کا پہلا تعارفی اجلاس منگل کے روز اسمبلی سیکریٹریٹ میں کمیٹی کے چیر مین اور رکن صوبائی اسمبلی شفیع اللہ جان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان کے علاؤہ کمیٹی کے ممبران اور اراکین اسمبلی عجب گل،ملک طارق اعوان،حمید الرحمان، خصوصی دعوت پر آئے ہوئے اراکین اسمبلی شیر علی آفریدی،ملک عادل اقبال اور مرتضی خان ترکئی،سیکرٹری سپورٹس و امور نوجوانان مطیع اللہ خان،ایڈیشنل۔سیکریٹری سپورٹس عبداللہ شاہ،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس عبدالناصر خان،ڈائریکٹر یوتھ افیرز ڈاکٹر نعمان مجاہد کے علاؤہ صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی سیکریٹری انعام اللہ اور محکمہ قانون و دیگر متعلقہ محکمہ جات کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ سپورٹس و یوتھ افیرز کے کردار،پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور کارکردگی اور اس کی صوبہ بھر میں انتظامی و آپریشنل سیٹ اپ اور ڈھانچے کے حوالے سے کمیٹی کی اراکین کو آگاہی دی گئی اور اس سلسلے میں انھیں تفصیلی پریزنٹیشن کے ذریعے محکمہ کی افادیت کے حوالے سے معلومات فراہم کی گئیں۔اجلاس میں محکمہ سپورٹس کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس کی ذمہ داریوں،مختلف سپورٹس ایونٹس کے انعقاد،کھیلوں کے سہولیات کی فراہمی،کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات اور دیگر پہلوؤں میں اس شعبے کی خدمات کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔اسی طرح نوجوانوں کے امور کے حوالے سے یوتھ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری سرگرمیوں کے حوالے سے بھی فورم کو آگاہ کیا گیا۔اسی طرح محکمہ کے اے ڈی پی سکیموں اور آئندہ کیلئے اس شعبے کی ترقی کیلئے حکومت کے ویژن سے بھی فورم کو آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر کمیٹی کے چئیر مین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ اور کھیل کود کے فروغ کیلئے محکمہ کھیل اہم کردار ادا کررہی ہے اور اس سلسلے میں انکی کوششیں انتہائی ضروری ہیں۔انھوں نے محکمہ کی ذمہ داریوں اور کردار پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پہلے اجلاس میں محکمہ کے امور کا مجموعی خاکہ پیش کیا گیا جس میں محکمہ کے حکام سے بہترین تعارف ہوا اور یہ تعاون آئندہ کیلئے جاری رہے گا۔انھوں نے کہا کہ کمیٹی سپورٹس سہولیات کے منصوبوں کا دورہ بھی کرے گی تاکہ وہاں پر ان منصوبوں کا جائزہ لیا جائے۔

مزید پڑھیں