چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیرصدارت ضمنی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جائزہ اجلاس

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیرصدارت خیبرپختونخوا میں 20 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر سعید گل اور آئی جی پولیس اختر حیات خان نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پرضمنی بلدیاتی انتخابات کے شفاف انعقاد کے لئے کئے جانے والے اقدامات، تیاریوں اور سیکورٹی امور کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری محکمہ بلدیات، محکمہ داخلہ اور خزانہ کے سپیشل سیکرٹریز سمیت دیگر متعلقہ افسران اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے دوران سیکورٹی انتظامات کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ 20 اکتوبر کو ہوگی۔ انتخابات ویلج کونسل اور نیبر ہوڈ کونسل کی سطح پر ہونگے۔ ضمنی بلدیاتی انتخابات 53 ویلج کونسل اور نیبر ہوڈ کونسلز میں 54 نشستوں پر ہوں گے۔ ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے کل 260 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جبکہ انتہائی حساس قرار دئیے گئے پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں۔چیف سیکرٹری کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پولنگ سٹیشنز پر سہولیات کی دستیابی کے حوالے سے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد ہماری اولین ترجیح ہے، تمام افسران دیانتداری سے الیکشن کے انعقاد جیسے قومی فریضے میں اپنا کردار ادا کریں اور الیکشن کمیشن کی مکمل معاونت کریں۔

مزید پڑھیں