وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیلخانہ جات ہمایون خان نے صوبائی وزیر آبپاشی عاقب اللہ خان

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیلخانہ جات ہمایون خان نے صوبائی وزیر آبپاشی عاقب اللہ خان اور معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیرکے ہمراہ بدھ کے روز ضلع صوابی میں سب جیل اور زیر تعمیر نئی ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا۔انھوں نے سب جیل میں قیدیوں سے ملاقات کی اور انھیں فراہم کی جانے والی سہولیات اور مسائل سے آگاہی حاصل کی۔معاونین خصوصی اور صوبائی وزیر نے نئی زیر تعمیر ڈسٹرکٹ جیل صوابی کے تعمیراتی کام پر پیش رفت کے حوالے سے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے مقامی حکام سے تفصیلی پریزنٹیشن بھی لی جبکہ نئی جیل میں قیدیوں کی رہائش اور دیگر سہولیات کے حوالے سے جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ بھی کیا۔انھوں نے موجودہ سب جیل کے مختلف بیرکس کا دورہ کرنے کے موقع پر قیدیوں سے انکے مسائل سنے جبکہ انکی تعلیم و تربیت کے مختلف تیکنیکی و سکلڈ پروگراموں کے حوالے سے بھی شناسائی حاصل کی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات ہمایون خان نے ہدایات کی کہ نئی ڈسٹرکٹ جیل صوابی میں قیدیوں کو رکھنے کیلئے جاری ضروری منصوبوں کا باقی ماندہ 30 فیصد تعمیراتی کام آئندہ 2 مہینوں میں مکمل کیا جائے تاکہ یہاں پر قیدیوں کی منتقلی جلد از جلد ممکن ہو۔انھوں نے سب جیل میں قیدیوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ ان کی خوراک کی مینو میں مزید بہتری لانے کیلئے موجودہ مینو میں ردوبدل کیا جائے گا جبکہ قیدیوں کا اپنے اہل خانہ سے رابطہ کرنے کیلئے ویڈیو لنک کی سہولت کا پروگرام بھی زیر غور ہے۔انھوں نے کہا کہ صوابی سب جیل کے قیدیوں کیلئے سکلز پروگرام بھی شروع کیئے جائیں گے اور انکے بنائی ہوئی کشیدہ کاری کی اشیا کی فروخت کیلئے مقامی سطح پر ڈسپلے سنٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ صوبائی وزیرہمایون خان نے زیر تعمیر نئی ڈسٹرکٹ جیل کیلئے الگ فیڈر ودیگر ضروری منصوبوں کو پی سی ون میں ڈالنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے کہا کہ سب جیل صوابی میں قیدیوں کیلئے مختصر دورانئے کے سکلز شارٹ کورسز شروع کیئے جائیں تاکہ وہ رہائی کے بعد ملک اور بیرون ملک اپنے لیئے باعزت روزگار حاصل کرسکیں۔اس طرح اخوت فاؤنڈیشن کے تحت انھیں اپنی سکلز کو بروئے کار لاکر روزگار و کاروبار کیلئے پانچ لاکھ تک قرضہ بھی مل سکتا ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ نئی زیر تعمیر جیل کے منصوبے میں سولرائزیشن کی سہولت قیدیوں کے بیرکس تک بڑھائی جائے تاکہ انھیں بلا کسی تعطل بجلی کی سہولت میسر ہو۔اس موقع پرایم پی اے رنگیز خان اور جیل سپرنٹنڈنٹ احسان الدین ا ور دیگر عملہ بھی موجود تھا۔

مزید پڑھیں