خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی کی سات روزہ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ مہم اختتام پذیر، 848 مختلف خوراکی اشیاء کے نمونوں کے معائنے

صوبائی حکومت فوڈ اتھارٹی کی ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے کوشاں ہے، وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو

خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی جانب سے صوبے بھر میں سات روزہ مفت موبائل فوڈ ٹیسٹنگ مہم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی ہے جس کے دوران دودھ، پانی، آئل اینڈ گھی، مصالحہ جات، سرکہ، چائے کی پتی، نمک اور مشروبات سے 848 نمونے حاصل کیے گئے جنہیں مفت ٹیسٹ کیا گیا۔فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے مہم کے حوالے سے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو اور ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید کی خصوصی ہدایات پر سات روزہ مفت فوڈ ٹیسٹنگ صوبے کے تمام ڈویژنز میں چلائی گئی اور کامیابی کیساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ صوبہ بھر سے دودھ، مشروبات،پانی، گھی اور آئل، چائے کی پتی، مصالحہ جات اور نمک سمیت دیگر خوراکی اشیاء سے کل 848 نمونے لے کر موقع پر موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے چیک کیا گیا۔ جن میں پشاور ڈویژن سے 255، مردان سے 121، بنوں سے 81، ڈی آئی خان سے 63، کوہاٹ سے 55، ہزارہ سے 110 اور مالاکنڈ سے 163 نمونے حاصل کیے گئے۔ اس طرح کل نمونوں میں سے 664 نمونے تسلی بخش جبکہ 184 نمونے غیر معیاری ثابت ہوئے۔مختلف خوراکی اشیاء کے نمونوں کے حوالے تفصیلات دیتے ہوئے ترجمان فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ صوبہ بھر سے دودھ کے 332، پانی کے 156، مشروبات کے 30، مصالحہ جات کے 49، چائے کے 78، آئل اینڈ گھی کے 78، اور نمک کے 22 نمونے ٹیسٹ کیے گئے۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے یہ بھی بتایا کہ عوام اور خوراک سے وابستہ کاروباروں نے خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کے اس اقدام کو بہت سراہا اور مستقبل میں ایسی مہمات جاری رکھنے کی اپیل بھی کی ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کامیاب مہم کے تکمیل پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کو سراہا اورکہا کہ صوبے میں فوڈ سیفٹی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مزید کریک ڈاؤن اور ٹیسٹنگ مہمات جاری رکھی جائیں گی۔صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے بھی کامیاب فوڈ ٹیسٹنگ مہم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ صوبے میں سات موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبز پہلے سے فعال ہیں اور مزید پانچ لیبارٹریز جلد فعال ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کی حیات آباد سٹیٹک لیبارٹری میں جدید ملکو سکین مشین کے ذریعے دودھ کی ٹیسٹنگ بھی جاری ہے، اور فوڈ اتھارٹی کی ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے جس سے سائنسی بنیادوں پر خوراکی اشیاء کی ٹیسٹنگ میں مدد ملے گی اور بازاروں میں معیاری اشیاء خوردونوش کی دستیابی بھی ممکن ہو سکے گی۔

مزید پڑھیں