خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے ای ٹرانسفر پالیسی راؤنڈ ٹو کا آغاز منگل کے روز سے شروع کر دیا۔ یہ راؤنڈ صرف ایس ایس ٹی اساتذہ کے لیے مختص ہے۔ آج سے 26 اکتوبر تک خالی آسامیاں اپلوڈ کی جائیں گی۔ ایس ایس ٹی اساتذہ 27 اکتوبر سے یکم نومبر تک آن لائن پورٹل پر اپلائی کریں گے۔ جبکہ متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسرز دو نومبر سے پانچ نومبر تک درخواستوں کی ویریفیکیشن کریں گے اور سات نومبر کو فائنل میرٹ لسٹ جاری ہوگی جبکہ آٹھ نومبر کو ای ٹرانسفر سسٹم کے تحت میرٹ پر آن لائن ٹرانسفر ارڈرز جاری ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ای ٹرانسفر پالیسی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن اسفندیار خٹک، ایڈیشنل سیکرٹری فیاض عالم، ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر ای ایم ائی ایس نور شیر آفریدی اور محکمہ تعلیم کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیر تعلیم نے حکام کو ہدایت کی کہ حالیہ ترقی کی وجہ سے ایس ایس ٹی میل و فیمیل اساتذہ کی جتنی بھی پوسٹیں خالی ہو گئی ہیں وہ تمام ای ٹرانسفر ایپ پر اپلوڈ کر دی جائیں۔ اور اس راؤنڈ کے تحت صرف ایس ایس ٹی اساتذہ کی ٹرانسفر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس ٹی اساتزہ کے کوئی بھی آرڈرز مینول جاری نہیں ہوں گے اور جو بھی آرڈرز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز نے کئے ہیں وہ کینسل تصور ہوں گے۔ انہوں نے مزید ہدایت جاری کی کہ محکمہ تعلیم میں ہر قسم کی پوسٹنگ ٹرانسفر پر پابندی عائد ہے اور سیکرٹریٹ بشمول ڈائریکٹریٹ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسز کوئی بھی آرڈر جاری نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی آرڈرز جاری کرے گا ان کے خلاف قانونی کاروائی ہوگی۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے آئی ٹی حکام کو ہدایت کی کہ منسٹر آفس اور پورے پختونخوا کے اساتذہ اور سکولوں کے مابین رابطے کے لیے پورٹل قائم کی جائے وزیر تعلیم نے ایجوکیشن حکام کو ہدایت جاری کی کہ ای ٹرانسفر راؤنڈ تھری کے لئے پالیسی میں مزید اصلاحات شامل کی جائیں اور خواتین کو آسانی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ خصوصی افراد، انتہائی قابلیت اور اعلیٰ نتائج دینے والے اساتذہ کو خصوصی نمبرات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سخت اور دشوار گزار علاقوں میں سروس دورانیہ کو بھی شمار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ راؤنڈ تھری کے بعد محکمہ تعلیم میں ریٹائرمنٹ یا پروموشن کی وجہ سے جو جو آسامیاں خالی ہو جاتی ہیں وہ ای ٹرانسفر ایپ پر فوراً اپلوڈ کر کے وہاں خواہشمند اساتذ ہ کے آرڈر جاری کئے جائیں گے۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا کہ محکمہ تعلیم حکام کا زیادہ تر وقت پوسٹنگ ٹرانسفر کے غیر ضروری کاموں میں ضائع ہو جاتا ہے اور اس کو بذریہ ای ٹرانسفر پالیسی کنٹرول کر کے تمام قیمتی وقت صرف درس و تدریس کو دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ہمارے طلبہ ہمارا قیمتی اثاثہ ہے اور ان کے لیے یہ تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ طلبہ کی پڑھائی متاثر نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ای ٹرانسفر پالیسی میرٹ پر مبنی ہے اور میرٹ پر آنے والے اساتذہ کے گھر بیٹھے آرڈرز جاری کئے جاتے ہیں جس کے لئے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔