وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و حرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے خیبرپختونخوا اکنامک زون ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے قائم مقام چیف ایگزیکٹیو آفیسر عادل صلاح الدین اور زون منیجر ساجد نواز کے ہمراہ حیات آباد صنعتی زون میں آگ لگنے سے متاثرہ ہونے والی فیکٹری کا دورہ کیا اور وہاں پر ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ انھوں نے آگ بجھانے والے فائر وہیکلز و فائر فائٹرز کے عملے اور فیکٹری کے ملکان سے ملاقات کی اور پیش آنے والے اس افسوس ناک واقعے پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا۔عبدالکریم تورڈھیر نے تمام امدادی ایجنسیوں اور ان کے عملے کی جانب سے آگ پر قابو پانے اور کسی بھی انسانی جانی نقصان سے بچنے میں اپنی پوری کوشش کرنے اور کامیابی حاصل کرنے پر دکھائی گئی ہمت اور بہادری کو سراہا۔ پشاور کے علاقے حیات آباد میں واقع پشاور اکنامک زون میں ڈائپر کی ایک فیکٹری میں خطرناک آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے باعث مذکورہ فیکٹری عمارت کو کافی نقصان ہواہے۔ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق کارخانے میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔زون کے بڑے صنعتی یونٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے فوری ردعمل اور مشترکہ کوششیں شروع کی گئیں تھیں۔خیبربختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے ذرائع کے مطابق زون کی اندرونی ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر رسپانس دیا جبکہ فائر فائٹنگ ٹیمیں اور ریسکیو 1122 کا عملہ بھی منٹوں میں موقع پر پہنچ گیا تھا۔