خیبرپختونخوا کے وزیر برائے بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی ارشد ایوب خان کی زیر صدارت محکمہ بلدیات میں اصلاحات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح اجلاس پیر کے روز پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری بلدیات نادر رانا، ڈائریکٹر جنرل بلدیات جنید خان، کنسلٹنٹ وسیم خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ارشد ایوب خان نے محکمہ بلدیات کے افسران کو ہدایات جاری کی کہ محکمہ بلدیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور دور جدید کے مطابق اصلاحات لانے کے لیے تمام تر صلاحیتیں اور وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور محکمہ بلدیات سے جڑے تمام منصوبوں کی تکمیل کو اپنے اپنے مقررہ وقت میں پاۂ تکمیل تک پہنچایا جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل بلدیات ویلیج کونسلز اور یونین کونسلز اور ان سے منسلک تمام بنیادی کاموں کی جانچ پڑتال کرکے ان میں کمیونٹی شرکت داری کے پروگرام کی شروعات کے ساتھ ساتھ نئے اصلاحات لائیں جائے تاکہ ریونیو کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو ان کے دہلیز پر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ فنڈز کے مسائل پر قابو پانے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں اور اس کے متعلق تمام تر بنیادی ضروریات اور مقاصد پر مشتمل دستاویزات کو جلد از جلد دفتر ہذا کو پہنچایا جائے تاکہ اس پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو اعتماد میں لے کر متعلقہ حلقوں میں تقسیم کروا کر ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کروایا جائے تاکہ فنڈز کا ضیاع نہ ہوں اور اس کی منصفانہ تقسیم بھی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے عمل پر ٹی ایم اے ملازمین کو خصوصی توجہ دینی ہوگی اور اس کے لیے مختص فنڈز کے صحیح استعمال کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔