وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت عبدالکریم تورڈھیر نے پیر کے روز پشاور میں ضلع صوابی میں غیر قانونی کان کنی کو کنٹرول کرنے کے امور کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں صوابی کے متعدد زعما پر مشتمل ایک عوامی وفد نے بھی شرکت کی جن میں امدادللہ،سہیل ناظم،عرفان شیر،یوتھ جنرل سیکرٹری تجمل،نیاز رحمان ودیگر شامل تھے جبکہ سیکرٹری معدنیات،محکمہ کے دیگر اعلی حکام اور ڈی جی انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی بھی اس موقع پر موجود تھے۔اجلاس میں معاون خصوصی نے عوامی وفد کے گزارشات پر صوابی میں غیر قانونی مائننگ کے موثر کنٹرول کو عملی کرنے کیلئے محکمہ معدنیات کے حکام اور افسران کو ہدایات جاری کیئے اور اس موقع پر محکمہ کے حکام نے یقین دلایا کہ علاقے میں سڑکوں اور دیگر مقامات پر سینڈ سٹاک کے روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے کیونکہ یہ سڑکوں کے کنارے حادثات اور اموات کا سبب بن رہے ہیں۔اس موقع پر محکمہ کے حکام نے کہا کہ علاقے میں ادنی معدنیات کی لیزوں کے اجرا کا ایس او پیز اور قواعد وضوابط سے موازنہ کیا جائے گا اور غیر قانونی مائننگ کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔اس موقع پر معاون خصوصی نے تمام افسران کو اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں اور فرائض احسن طریقے سے نبھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوامی شکایات کے ازالے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔