محکمہ آبپاشی کی زیر نگرانی منصوبوں کا جائزہ لے رہے ہیں، زیادہ سے زیادہ بنجر زمینیں قابل کاشت بنانے کیلئے کوشاں ہیں، عاقب اللہ خان

ممکنہ سیلابی نقصانات سے بچنے کے لیے پائیدار و مؤثر اقدامات ضروری ہیں، صوبائی وزیر آبپاشی

خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی عاقب اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں محکمہ آبپاشی کی زیر نگرانی منصوبوں کا جائزہ لے رہے ہیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ بنجر زمینیں قابل کاشت بنائیں جبکہ ممکنہ سیلابی نقصانات سے بچنے کے لیے بھی پائیدار اقدامات اٹھائے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز محکمہ آبپاشی کی زیر نگرانی ضلع سوات میں جاری و مجوزہ منصوبوں کے بارے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سوات سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزرا اور ایم پی ایز جبکہ محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔اجلاس کو سوات میں جاری منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر سوات سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزرا اور اراکین صوبائی اسمبلی نے صوبائی وزیر آبپاشی کو ان کی آراء و تجاویز سمیت تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر زیادہ سے زیادہ بنجر زمینیں قابل کاشت بنانے جبکہ ممکنہ سیلابی نقصانات سے بچنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔صوبائی وزیر آبپاشی نے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیا، اور اراکین صوبائی اسمبلی کے تجاویز اور تحفظات سے متعلق درکار اقدامات اٹھانے کیلئے ھدایات بھی جاری کیں۔صوبائی وزیر عاقب اللہ خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے، انہوں نے کہا کہ وہ عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور منصوبوں کی تکمیل میں غیر معیاری کام کے خلاف ضرور کارروائی کرینگے۔

مزید پڑھیں