وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے امداد، بحالی اور آبادکاری، ملک نیک محمد خان داوڑ نے شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کا خصوصی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ہائی سکول دتہ خیل کو ہائیر سیکنڈری سکول کا درجہ دینے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، تحصیل انتظامیہ، علاقائی مشران اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ ملک نیک محمد خان داوڑ نے اپنے خطاب میں علاقے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ان مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کی تعلیم اور ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔معاون خصوصی ملک نیک محمد خان داوڑ نے اس موقع پر اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ حکومت شمالی وزیرستان کے عوام کی ترقی، فلاح و بہبود اور تعلیم کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے گی اور تعلیمی اداروں کی بہتری اور انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔