خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے کہا ہے کہ جعلی حکومت کی گنتی کا وقت شروع ہوچکا ہے وفاقی حکومت سے جلد پاکستانی عوام کو نجات دلائیں گے 24 نومبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں بھرپور انداز میں احتجاج ریکارڈ کریں گے اور قائد عمران خان کو رہا کرواکر دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں آڈیٹوریم ہال میں آئی ایس ایف بنوں کی جانب سے منعقدہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مرکزی صدر ارسلان چوہدری,صوبائی صدر اشفاق مروت,ملک سکندر حیات خان,ملک عدنان خان,ملک اقبال جدون,پیر کمال شاہ,ملک شکیل خان,ندیم خان,نذیر زمان و دیگر نے خطاب کیا اور آئی ایس ایف کے 17 سال مکمل ہونے پر کاٹا گیا صوبائی وزیر نے کہاکہ گرفتار ہونے والے کارکنوں کو رہا کرائیں گے ان کی رہائی کی سفارش صوبائی اسمبلی کے فلور بھی ہوئی ہے اس پر عمل درآمد ہونا چاہئے فارم 47 کی حکومت کسی بھی صورت تسلیم نہیں کریں گے اور اس کے خلاف اواز اٹھاتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ بنوں کے نوجوانوں کو باعزت روزگار دلا کر دم لیں گے اس لئے کہ کارکن ہی ہمارا اصل سرمایہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کا دفتر عوام کا دفتر ہے کسی بھی وقت کوئی بھی آسکتا ہے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی قیادت مرکزی حکومت کی اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والی نہیں بلکہ ان کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا جانتی ہے شہباز حکومت ہمیں انتقامی سیاست پر مجبور کررہی ہے لیکن قائد عمران خان نے قیادت کو ایسی تربیت نہیں دی ہے انہوں نے ہمیشہ افہام و تفہیم کی سیاست پر زور دیا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عمران خان کو باعزت رہا کرانا ہے اور پاکستانی عوام کو اس کرپٹ اور نااہل حکومت سے نجات دلانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کا ہنر رکھتے ہیں مگر ضمیر اجازت نہیں دے رہا عوام کو خوشحالی باعزت روزگار اور امن کی طرف لے کر جائیں گے حکومت اپنی عزت کھو چکی ہے اس کے پاس حکومت چلانے کا پلان نہیں وفاقی حکومت آئیں بائیں شائیں پر مجبور ہے اور عوام کا اعتماد کھو چکی ہے۔