وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے امداد، بحالی اور آبادکاری ملک نیک محمد خان داوڑ کی زیر قیادت

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے امداد، بحالی اور آبادکاری ملک نیک محمد خان داوڑ کی زیر قیادت صوبائی حکومت نے عوامی فلاح و بہبود اور متاثرین کی بحالی کے لیے ایک اہم اقدام کے تحت شہداء اور زخمیوں کے لواحقین میں مالی امداد تقسیم کی ہے۔ اس اقدام کا مقصد دہشت گردی اور دیگر حادثات کے متاثرین اور ان کے خاندانوں کی مالی مشکلات کو کم کرنا ہے۔اس سلسلے میں میران شاہ کے مقام پر ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں شہداء کے خاندانوں اور زخمیوں کو امدادی چیک فراہم کیے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا شہداء اور زخمیوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے خاندانوں کی ہر ممکن مدد کے لیے پُرعزم ہے۔ ملک نیک محمد خان داوڑ نے شہداء کے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے فی کس کے امدادی چیک فراہم کیے، جو کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امداد متاثرہ خاندانوں کی زندگی میں کچھ سکون اور سہارا فراہم کرے گی اور ان کے مالی معاملات میں آسانی پیدا کرے گی۔علاوہ ازیں، اس تقریب میں زخمی ہونے والے افراد کو بھی 50000 روپے فی کس کے امدادی چیک دیے گئے۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ زخمیوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی صحت یابی کے عمل میں مدد دینا حکومت کا فرض ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہر زخمی شہری کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کے بہترین علاج اور بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ معاون خصوصی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت ہمیشہ عوام کی حفاظت اور فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت دہشت گردی اور دیگر آفات کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔تقریب میں دیگر اعلیٰ حکام، مختلف عوامی نمائندے، اور مقامی عمائدین نے بھی شرکت کی۔

مزید پڑھیں