خیبر پختونخوازکوٰۃ وعشر کونسل کے چیئرمین امتیاز خان نے کونسل کے ممبران سے کہا ہے کہ وہ زکوٰۃ و عشر کونسل میں مزید بہتری لائیں اور اس کی کارکردگی میں اضافہ کرنے کے لیے بہتر سے بہتر اقدامات اٹھائے جائیں نیز کونسل کی جانب سے مستحقین زکوٰۃ کی بہتری کے لیے کی جانے والی کوششوں سے متعلق عوم کو بھی باخبر ر کھیں تاکہ صوبے کے غریب اور نادار افراد حکومت کی فراہم کردہ سہولیات سے زیادہ تعداد میں استفادہ کر سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوازکوٰۃ وعشر کونسل کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابقہ رکن قومی اسمبلی ساجد نواز خان اور زکوٰۃ و عشر کونسل کے ممبران اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ زکوٰۃ و عشر کونسل کے چیئرمین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زکوٰۃ فنڈز کے صحیح استعمال کو یقینی بنایا جائے گا انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے گزارا الاؤنس کی رقم 25 ہزار روپے اور جہیز فنڈز 2 لاکھ رو پہ کرنے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ صوبے کے مدارس کی رجسٹریشن میں آسانی پیدا کریں تاکہ صوبے کے یتیم اور نادار افراد اس سے استفادہ حاصل کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوازکوٰۃ و عشر کونسل کے ایسے ملازمین جو دوسری جگہوں پر بھی ملازمت کر رہے ہیں کے خلاف انکوائری کی جائے اور پھر قانونی کارہ جوئی عمل میں لا کر ان کے ذمے جتنی بھی واجب الادا رقم ہے وہ ان سے وصول ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ و عشر کونسل میں ضم اضلاع کے لیے فنڈز کا زیادہ حصہ دیا گیا ہے۔ کونسل نے رواں اور ا ٓئندہ مالی سال تک بجٹ خرچ کرنے کے لیے سفارشات بھی پیش کیں جبکہ بجٹ میں ناگہانی آفات کے لیے رقم رکھنے کے لیے بھی تجاویز پیش کی گئیں۔