خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی مردان میں کارروائی، مرونڈا بنانے والی یونٹ سے ہزاروں کلو مضر صحت و غیر معیاری گڑ برآمد، کارخانہ سیل

خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی مضر صحت خوراک کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے فوڈ سیفٹی ٹیم نے خفیہ اطلاع ملنے پر مردان کے علاقے سکندری میں مرونڈا بنانے والے ایک یونٹ پر چھاپا مارا اور ہزاروں کلو گرام غیر معیاری و مضر صحت گڑ برآمد کرکے تلف کیا۔ترجمان فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے کاروائی کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز فوڈ سیفٹی ٹیم مردان نے خفیہ اطلاع ملنے پر سکندری کے علاقے میں مرونڈا بنانے والی یونٹ پر اچانک چھاپہ مارا اور دوران انسپکشن 4000 کلو سے زائد مضر صحت گڑ برآمد کیا گیا، جسے بحق سرکار ضبط کر لیا گیا۔ یونٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات اور غیر معیاری اجزاء کے استعمال پر بھاری جرمانہ عائد کرتے ہوئے فیکٹری کو سیل کر دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ سیفٹی واصف سعید نے کامیاب کاروائی پر فوڈ سیفٹی ٹیم کو سراہا اور کہا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے غیر قانونی اور مضر صحت کاروباروں کی بروقت اطلاع دیں۔صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے ملاوٹ کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خوراک کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

مزید پڑھیں