خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر مردان کے دفتر میں طورو روڈ کی ڈوئلائزیشن کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ جنگلات، مواصلات، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، پیسکو، آبپاشی، ایس این جی پی ایل، پی ٹی سی ایل، ایم ڈی اے، اور تحصیل میونسپل آفیسر کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد طورو روڈ کی ڈوئلائزیشن کے دوران درپیش چیلنجز کا جائزہ لینا اور ان کے حل کے لیے مجوزہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنا تھا۔ اجلاس میں مختلف محکموں نے اپنے شعبوں سے متعلقہ مسائل اور تجاویز پیش کیں تاکہ منصوبے پر جلد از جلد کام کا آغاز ممکن ہو سکے۔اس موقع پر وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے باہمی تعاون کو یقینی بنائیں اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ منصوبے کی پیش رفت پر مسلسل نظر رکھی جائے اور تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ منصوبے پر جلد عملی اقدامات شروع کیے جائیں گے اور اگلے اجلاس میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ عوامی سہولت کے اس اہم منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے بھر پور اقدامات کیے جائیں گے۔