خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے تحت صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اس حوالے سے فوڈ سیفٹی ٹیم پشاور نے پھندوں روڈ پر کارروائی کی اور جعلی چائے کی پتی تیار کرنے والے یونٹ سے سینکڑوں کلوگرام چائے کی پتی پکڑ کر یونٹ سیل کر دیا۔ اس حوالے سے ترجمان فوڈ اتھارٹی نے آپریشن کے حوالے حوالے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز فوڈ سیفٹی ٹیم ٹاؤن-1 نے ڈائریکٹر آپریشنز اختر نواز کی نگرانی میں پشاور کے علاقے پھندوں میں جعلی پتی تیار کرنے والے یونٹ پر چھاپہ مارا اورانسپکشن کے دوران یونٹ سے 2300 کلو گرام مضر صحت اور ملاوٹی چائے کی پتی برآمد کی، جبکہ مزید تحقیقات میں یونٹ سے 1000 کلوگرام انیمل فیڈ، 500 کلوگرام برادہ، 100 کلوگرام کلر، 20 کلوگرام کیمیکل اور 700 کلوگرام استعمال شدہ چائے کی پتی بھی ضبط کی گئی، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہیں۔ تفصیلات کیمطابق کارروائی کے دوران یونٹ میں موجود مشینری کو سرکاری تحویل میں لے کر فیکٹری کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا، جبکہ مالکان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے فوڈ سیفٹی ٹیم کو کامیاب کاروائی پر داد دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی صحت کے ساتھ کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف اقدامات مزید تیز کیے جائیں اور عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ساتھ تعاون کریں اور ایسے دشمن عناصر سے فوڈ اتھارٹی حکام کو آگاہ کریں تاکہ مضر صحت اشیاء کی روک تھام کی جا سکے۔