وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت عبدالکریم تورڈھیر نے کہا ہے کہ عوامی سہولیات اور خدمات کی فراہمی میں آسانی لانے کیلئے صنعت و حرفت کے تمام شعبوں کی ڈیجیٹلائزیش کا عمل تیز کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ آسان کاروبار کی سہولت صوبائی حکومت کا ویژن ہے اور ہماری کوشش ہے کہ اس آن لائن پورٹل پر صوبے میں کاروبار کرنے کے حوالے سے تمام محکموں کے حوالے سے خدمات منسلک کی جائیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ صنعت کے مختلف شعبوں کی خدمات اور ادارہ جاتی امور کی ڈیجیٹلائزیشن کے امور کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر انڈسٹریز حسن عابد،ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ نعمان فیاض،خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجنگ کمپنی کے قائم مقام چیف جنرل آپریشن محمد رفیق،ڈائریکٹر خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ شاکراللہ،ڈپٹی منیجر خیبر پختونخوا بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ مس رئیس انجم،ڈپثی سیکرٹری صنعت اعزازللہ و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ایس آئی ڈی بی،کے پی ایزڈمک،کے پی بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اورڈائریکٹوریٹ جنرل انڈسٹریز میں مختلف خدماتی امور کو عوام کی سہولت کیلئے ڈیجیٹل طریقہ کار پر فراہمی کیلئے شروع کردہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور اس کے ساتھ ساتھ ان شعبوں کے ادارہ جاتی امور کی ڈیجیٹائزینش کے عمل کے حوالے سے بھی فورم کو آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی کو آگاہ کیا گیا کہ انکے ویژن کے مطابق آسان کاروبار کے پورٹل پر لوگوں کو آن لائن خدماتی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اس پلیٹ فارم کیساتھ 13 محکموں کو اینٹیگریٹ کیا جا چکا ہے جبکہ مزید محکموں کو اس کے ساتھ منسلک کرنے کا کام تیزی کیساتھ جاری ہے اس طرح جن محکموں کے امور آسان کاروبار کے ذمرے میں پورٹل پر آن لائن دستیاب ہیں انکو مزید سہل بنایا جارہا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ آئی ٹی بورڈ نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انڈسٹریز کے تمام امور کو ڈیجیٹائز کرنے کیلئے متعلقہ محکمے کو مفاہمتی یادداشت کے حوالے سے پیشکش کی ہے جس کے بارے میں نظامت اعلیٰ صنعت کے حکام نے اس ضمن میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں تیزی لانے کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں بتایاگیا کہ آسان کاروبار کے پورٹل کو موثر بنانے اور اسکے آن لائن ذریعہ خدمات کو استعمال میں لانے کیلئے ایک ورکشاپ کا انعقاد کرایا جائے گا جس میں سارے محکموں کے فوکل پرسنز اور مختلف چیمبرز کے نمائندے شرکت کریں گے تاکہ اس سہولت کی ا فادیت کے حوالے سے مزید آگاہی فراہم کی جا سکے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انڈسٹریز کے پارٹنرشپ فارم رجسٹریشن کے آن لائن طریقہ کار کو عوام کیلئے مزید آسان بنانے کی غرض سے اسے نادرا کی ای سہولت نظام کیساتھ منسلک کیا جائے گا تاکہ دور دراز علاقوں کے عوام کو رجسٹریشن کی غرض سے آنے کی زحمت نہ پڑے۔اجلاس میں معاون خصوصی نے کہا کہ جن امور کو ڈیجیٹائز کیا جا چکا ہے ان میں مزید بہتری اور آسانی لائی جائے تاکہ مختلف قوانین کے تحت صنعت کے شعبے کے حوالے سے ذمہ داریوں اور خدمات کو عوام کیلئے سہل بنایا جا سکے۔انھوں نے کہا کہ جن امور کو ڈیجیٹائز یشن کا عمل باقی ہے اس پر جلد از جلد کام شروع کیا جائے۔