وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ حاجی رنگیز احمد نے کہا ہے کہ بی آر ٹی کمرشل پلازوں کی کمرشلائزیشن سے نہ صرف صوبے کے عوام کو بزنس اور روزگار کے مواقع میسر آسکیں گے بلکہ اس سے صوبے اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے محاصل میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہوسکے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ بی آر ٹی پلازوں جن میں چمکنی، بی آر ٹی ڈبگری گارڈن اور حیات آباد پلازے جو کہ بالترتیب 18,18اور 35 کنال پر محیط ہیں کے کمرشلائزیشن اور اوٹ سورسنگ سے پشاور ایک بزنس ہب بن جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ٹرانس پشاور ہیڈکوارٹر اور بی آرٹی پلازوں چمکنی ڈبگری گارڈن اور حیات آباد کے ایک روزہ دورے کے موقع پر کیا ہے، اپنے دورے کے دوران معاون خصوصی نے ٹرانس پشاور ہیڈکوارٹر کے کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت بھی کی ہے۔ اس موقع پر ایم ڈی کے پوما پرویز صبعت خیل، ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی عبدالغفور، سی ای او ٹرانس پشاور ودیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ حکام نے اجلاس کو کمرشل پلازوں، ٹرانس پشاور اور بی آر ٹی پر تفصیلی بریفننگ دی ہے۔ حکام نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ بی آر ٹی چمکنی کمرشل پلازہ اسی ہفتے ٹرانس پشاور کے حوالے کیا جائے گا جس پر 100فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اسی طرح بی آر ٹی ڈبگری گارڈن کو اپریل کے آخر میں ٹرانس پشاور کے حوالے کیا جائے گا۔ بی آر ٹی حیات آباد کمرشل پلازہ اسی سال مارچ کے آخر میں ٹرانس پشاور کے حوالے کیا جائے گا اور آوٹ سورسنگ کے عمل کے بعد یہ تینوں پلازے کمرشل ایکٹیویٹیز کے لئے تیار ہونگے۔معاون خصوصی نے اجلاس کے بعد تینوں پلازوں کا بذات خود دورہ اور معائنہ کیا اور سول ورک پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کمرشل پلازوں کو ٹرانس پشاور کے حوالے کرنے کے عمل کو مزید تیز کیا جائے جبکہ کمرشل پلازوں کو کمرشل ایکٹیویٹی کے لئے اوٹ سورس کر کے اوپن اور شفاف بڈنگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان پلازوں کی کمرشلائزیزیشن سے یہاں کے عوام کو روزگار اور بزنس کے مواقع میسر آسکیں گے اور پشاور جو کہ صوبے کا دارلخلافہ ہے ایک بزنس سنٹر بن جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پلازوں کی کمرشلائزین سے صوبے اور محکمے کے محاصل میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہوسکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ میں ڈیجیٹل ان لائن ڈرائیونگ لائسنس لا رہے ہیں جس کے لئے 08 جنوری 2025 کو کے پی ائی ٹی بورڈ کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کئے جارہے ہیں جبکہ صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ آڈووں کی بہتری اور ان کی معیار میں بہتری لانے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا ہے کہ میری کوشش ہے کہ اس سال جون کے آخر تک محکمہ ٹرانسپورٹ میں ریوینیو میں سو فیصد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کا ایجنڈا عوام کی خدمت اور خوشحالی ہے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے واضح احکامات دئیے ہیں کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور انہی احکامات کی روشنی میں اج کا یہ دورہ کیا ہے۔