شمالی وزیرستان کے تاجروں کے لیے 50 کروڑ روپے کی مالی امداد، بحالی کی جانب اہم قدم ہے، ملک نیک محمد خان داوڑ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری، ملک نیک محمد خان داوڑ نے آج میران شاہ میں شمالی وزیرستان کے متاثرہ تاجروں کے لیے 50 کروڑ روپے کی خطیر رقم تقسیم کی۔ یہ امدادی رقم تاجروں کے نقصانات (آئٹم لاس) کے ازالے اور کاروباری بحالی کے لیے فراہم کی گئی۔ اس اقدام کا مقصد علاقے کی معیشت کو دوبارہ استحکام دینا اور تاجروں کو اپنے کاروبار کو نئے سرے سے شروع کرنے کے قابل بنانا ہے۔معاون خصوصی نے فی دکاندار 14 لاکھ اور 8 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ”حکومت خیبر پختونخوا عوام کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔ یہ امدادی پیکج نہ صرف تاجروں کے نقصانات کے ازالے کا ذریعہ بنے گا بلکہ شمالی وزیرستان کی معیشت میں ایک نئی روح پھونکے گا۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ قدم تاجروں کو خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔”ملک نیک محمد خان داوڑ نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کے مسائل کا حل اور ترقی کے لیے عملی اقدامات کرنا ہے۔ شمالی وزیرستان کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، اور ان کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اس موقع پر تاجر برادری کے نمائندوں نے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ امداد ان کے لیے ایک نئی امید اور روشنی لے کر آئی ہے۔ انہوں نے حکومت خیبر پختونخوا کے اقدامات کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ یہ مالی مدد ان کے کاروباری سفر کو دوبارہ شروع کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔یہ اقدام حکومت کی جانب سے عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے اور ترقی کی راہ ہموار کرنے کی واضح مثال ہے۔

مزید پڑھیں