سیاحتی مقامات کے نوجوانوں کے لیے میزبان قرضہ حسنہ منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔ مشیر برائے سیاحت

خیبرپختونخوا حکومت نے وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈا پور کی ہدایت پر سیاحت کے فروغ اور نوجوانوں کو خود کفیل بنانے کے لیے میزبان قرضہ حسنہ اہم منصوبہ شروع کردیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت سیاحتی مقامات پر رہائش پذیر نوجوانوں کو قرضہ حسنہ فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے گھروں میں موجود جگہ کو گیسٹ ہاؤس کے طور پر استعمال کر سکیں۔اس حوالے سے زیراعلیٰ کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے کہا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں کالام (سوات)، کمراٹ (دیر اپر)، لڑم ٹاپ (دیر لوئر)، اپر چترال، لوئر چترال، گلیات (ایبٹ آباد) اور کاغان (مانسہرہ) کے علاقے شامل کیے گئے ہیں۔ منصوبے کے تحت نوجوان اپنے گھروں میں دو کمرے تعمیر کر سکیں گے یا پہلے سے موجود کمروں کی تزئین و آرائش کے لیے قرضہ حاصل کرسکیں گے۔یہ منصوبہ خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور بینک آف خیبر کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے، جس میں نوجوانوں کے ساتھ ساتھ خواتین انٹرپرینیورز کو بھی ترجیح دی جائے گی۔ نوجوانوں کو کمرے کی تعمیر یا تزئین و آرائش کے لیے 30 لاکھ روپے تک قرضہ فراہم کیا جائے گا، جو بلاسود ہوگا۔مشیر سیاحت کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد سیاحتی مقامات پر مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔ یہ منصوبہ اُن افراد کے لیے خاص طور پر مفید ہوگا جو ہوٹل یا ریسٹورنٹ نہیں بنا سکتے لیکن اپنے گھروں میں دستیاب جگہ کو استعمال میں لا کر سیاحوں کو سہولت فراہم کر سکیں۔درخواست دینے کے لیے آخری تاریخ 28 جنوری 2025 مقرر کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں