صوبائی وزیر تعلیم خیبرپختونخوا فیصل خان ترکئی کی زیر صدارت ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کا اجلاس

خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کی زیر صدارت خیبرپختونخوا ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تعلیمی شعبے سے متعلق مختلف امور اور تجاویز پر غور کیا گیا۔وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے غیر فعال سکولوں کی بحالی کے لیے ایک کمیٹی قائم کی جو مسائل کی نشاندہی کر کے ان کے حل کے لیے فوری اقدامات پر مبنی رپورٹ وزیر تعلیم کو پیش کرے گی۔وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے حکام کو ہدایت کی کہ محکمہ جاتی مسائل کو فوری اور مؤثر بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ نظام تعلیم کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مزید 800 اسکول لیڈرز کی بھرتی کا منصوبہ بنایا گیا ہے جو تعلیمی معیار بلند کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ایجوکیشن مسعود احمد، سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن قیصر عالم، ڈائریکٹر ایجوکیشن ثمینہ الطاف اور ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے تمام اسکولوں میں فرنیچر کی فراہمی یقینی بنانے اور طلبہ و اساتذہ کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔انہوں نے والدین اور اساتذہ کی باقاعدہ ملاقاتوں کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی تاکہ باہمی مشوروں سے تعلیمی بہتری کیلئے اقدامات کئے جاسکیں۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت تعلیم کے شعبے کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اس کی ترقی کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی حکام نے فورم کو صوبہ بھر کے سکولوں میں موجوداساتذہ و طلباء و طالبات کی حاضری اور سہولیات کے بارے میں بریفننگ دی۔

مزید پڑھیں