سرکاری املاک اور مشینری کا استعمال دیانتداری اور قانونی تقاضوں کے مطابق کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔سہیل آفریدی
وزیر اعلیٰ خیبر کے معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات سہیل خان آفریدی نے کہا ہے کہ سرکاری املاک اور مشینری کا استعمال دیانتداری اور قانون کے مطابق کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور اور اس کے ملحقہ علاقوں میں واقع سرکاری املاک، دفاتر اور زیر تکمیل منصوبوں کی جانچ کے سلسلے میں اچانک دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر چیف انجنیئر جمشید علی، ایکسیئن پختونخوا ہائی وے یاسر محسود، ایم ڈی پختونخوا ہائی وے اسد علی اور ایس ڈی او پی کے ایچ اے ہمایون خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سہیل آفریدی نے سب سے پہلے ورسک روڈ پشاور پر واقع ایکس میکینکل ڈویژن کے دفتر کا دورہ کیا اور وہاں موجود عملہ اور مشینری کی تفصیل بارے آگہی حاصل کی۔ معاون خصوصی نے ورسک روڈ پشاور پر واقع سی اینڈ ڈبلیو کی ملکیتی پلاٹ کے معائنے کے دوران کہا کہ سرکاری زمینیں قومی اثاثہ ہیں اور ان کا تحفظ اور موثر استعمال حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔ سہیل خان آفریدی نے ترناب پشاور میں زیر تعمیر 10 کنال پر محیط پختونخوا ہائی وے کمپلیکس کے دورے کے موقع پر کہا کہ مذکورہ منصوبہ میں شفافیت اور عوامی وسائل کے تحفظ اور اس کے نتیجے میں بدعنوانی اور فنڈز کے ضیاع کی روک تھام کو سب سے مقدم رکھا جائے۔ انہوں نے نوشہرہ میں 8 کنال اراضی پر محیط ازاخیل یارڈ سٹور کے دورے کے موقع پر متعلقہ حکام کو ناکارہ مشینری کے متعلق موثر لائحہ عمل تیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ سٹور میں موجود مشینری مزید خراب ہونے سے بچانے کے لئے اس کی نیلامی ضروری ہے۔ انہوں نے چمکنی پشاور میں سی اینڈ ڈبلیو کی ملکیتی اراضی پر واقع محکمہ جنگلات کی غفران آباد ٹیوب فارسٹ نرسری سائٹ کا بھی دورہ بھی کیا اور حکام کو مذکورہ اراضی کو سی اینڈ ڈبلیو کو واپس کرنے کے سلسلے میں محکمہ جنگلات سے رابطہ کرنے کے احکامات جاری کیے۔ سہیل خان آفریدی نے خیبر بازار پشاور میں سرکاری املاک اور دکانوں کی 2020 کے بعد کرایہ کی عدم ادائیگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ مذکورہ دکان مالکان کو بذریعہ نوٹس کرایہ ادا کرنے کی تاکید کی جائے اور حکم نہ ماننے کی صورت میں دوکانیں سیل کردی جائے۔