خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم میناخان آفریدی کی زیر صدارت جامعہ پشاور کے بزنس ماڈلز اور موجودہ مالی بحران پر قابو پانے سے متعلق اجلاس محکمہ اعلیٰ تعلیم کے کمیٹی روم سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا اجلاس میں یونیورسٹی آف پشاور کے وائس چانسلر، رجسٹرار اور خزانچی نے شرکت کی جبکہ محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ڈپٹی سیکرٹری اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے صوبائی وزیر کو یونیورسٹی آف پشاور کو مالی طور پر مستحکم بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور بزنس ماڈلز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی بریفنگ میں یونیورسٹی کے اخراجات کو کم کرنے سے متعلق کئے گئے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا گیا صوبائی وزیر کو بریفنگ میں دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یونیورسٹی وزیٹنگ اور پارٹ ٹائم ٹیچرز کو کم کرنے کے لئے اینٹیگریٹیڈ بی ایس پروگرام شروع کررہی ہے جبکہ نئے مارکیٹ بیسڈ پروگرام شروع کرنے کی بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے یونیورسٹی کو شمسی نظام پر منتقل کرنے سے یوٹیلیٹی بلز کی مد میں ماہانہ لاکھوں روپے کی بچت ہوجائیگی یونیورسٹی پبلک سکول کے سامنے اراضی کو کمرشل طور پر استعمال کرنے کے بارے میں بھی تجویز زیر غورلا ئی گئی بریفنگ میں جامعہ پشاور کو مالی طور پر مستحکم کرنے اور موجودہ بحران پر قابوپانے کے لئے مختلف تجاویز بھی سامنے آئیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے یونیورسٹی کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ یونیورسٹی کی بزنس ماڈلز اور ریونیو بڑھانے کے لئے منصوبہ بندی پر کام میں تیزی لائیں اور اگلے جائزہ اجلاس اس کی تفصیلات پیش کریں۔