خیبر پختونخوا کے وزیربرائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے گورنمنٹ شہید احمد الٰہی ٹیکنیکل ہائر سیکنڈری سکول گلبہار پشاور کا تفصیلی دورہ کیا صوبائی وزیر کی سکول آمد پر سکول کے پرنسپل اور دیگر سٹاف نے شاندار استقبال کیا اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا صوبائی وزیر نے سکول کے کلاس رومز اور مختلف سیکشنز کا تفصیلی معائنہ کیا اور کلاس روم میں موجود طلباء سے سکول میں دی جانے والی سہولیات اور تعلیم کے معیارکے بارے میں دریافت کیا سکول پرنسپل نے صوبائی وزیر کو سکول کے انتظامی امور اور تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کی فروغ اور ان کو عام کرنا ہماری موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ معیاری تعلیم کے حصول کے بغیر دنیا کی کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صفوں میں جگہ بنانے کے لئے معیاری تعلیم کا حصول ناگزیر ہوگیاہے۔ انہوں نے سکول کے پرنسپل اور اساتذہ کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ طلباء کو اقبالیات اور سیرت نبوی صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم کا درس دیں یہ طلبا پاکستان کے مستقبل کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرینگے انہوں نے اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ والدین نے اپنے بچوں کے بہتر مستقبل اور معاشرے کے اچھے انسان بننے کے لئے ان طلباء کو آپ کے حوالے کیا ہے اس لیے ان بچوں کے بہتر مستقبل کی زیادہ ذمہ داری اساتذہ پر ہے۔